

نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے جمعرات کو کہا کہ حکومت جلد ہی پائیدار ہوابازی ایندھن (ایس اے ایف) پر پالیسی لے کر آئے گی، جس سے خام تیل کی درآمدات کو کم کرنے، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور ماحول کے لئے سازگار کوششوں میں مزید روزگار پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ ملک انتہائی مسابقتی شرحوں پر ایس اے ایف کی پیدا وارکر سکتا ہے۔ یہ ایندھن ترقی بمقابلہ پائیداری کے چیلنج سے نمٹنے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر نے یہ بات قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ انڈیا سسٹین ایبل ایوی ایشن فیول سمٹ 2025 سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ رام موہن نائیڈو نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ایس اے ایف (پائیدار ہوابازی ایندھن) کو اپنانے کے لیے مزید اختراع، سرمایہ کاری اور اجتماعی بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیل کمپنیوں کے علاوہ نجی کمپنیوں کو بھی سیف کی پیداوار میں شامل ہونا چاہیے۔ نائیڈو نے کہا کہ خام مال سے لے کر ایندھن تک، کسانوں سے لے کر پائلٹوں تک اور فرائینگ سے لے کر پرواز بھرنے تک، کس نے سوچا ہوگا کہ سموسے تلنے والے بھی اس پوری عالمی ہوا بازی کی تحریک (ایس اے ایف پر) میں حصہ لے سکتے ہیں ۔
نائیڈو نے کہا کہ حکومت جلد ہی ایس اے ایف پالیسی لے کر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس 750 ملین ٹن سے زیادہ بایوماس دستیاب ہے اور تقریباً 213 ملین ٹن زائد زرعی باقیات ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کاربن کے اخراج کو کم کرنے کے علاوہ،ایس اے ایف کسانوں کو ان کی آمدنی میں 10-15 فیصد اضافہ کرکے انہیں بااختیار بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خام تیل کے درآمدی بل کو ہر سال 4.5-7 بلین ڈالر تک کم کرنے کے علاوہ،ایس اے ایف کی پیداوار ایس اے ایف ویلیو چین میں 10 لاکھ سے زیادہ ماحول دوست ملازمتیں پیدا کرنے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔
مرکزی وزیر نائیڈو نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی شہری ہوابازی کے بازاروں میں سے ایک ہے اور گھریلو ایئر لائنز نے 1,700 سے زیادہ طیاروں کے آرڈر دیے ہیں۔ ہندوستان کا مقصد 2027 تک جیٹ ایندھن میںایس اے ایف کا 1فیصد ، 2028 تک 2 اور 2030 تک 5 ملاوٹ کرنے کا ہے۔ ایس اے ایف کو ایوی ایشن ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) میں ڈراپ -ان فیول کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جو ہوائی جہاز کو تقویت دیتا ہے۔ 2040 تک عالمی ایس اے ایف کی ضروریات 183 ملین ٹن ہونے کا تخمینہ ہے۔ فی الحال، عالمی ایس اے ایف بہت کم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد