
امریکہ میں لوئسویلے ہوائی اڈے کے قریب یو پی ایس کا کارگو طیارہ حادثے کا شکار
واشنگٹن، 5 نومبر (ہ س)۔ امریکہ میں عملے کے تین ارکان والا یو پی ایس طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق یو پی ایس (ایم ڈی-11) طیارہ لوئسویلے کے کینٹکی ہوائی اڈے کے قریب پرواز بھرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ ایف اے اے نے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کے ساتھ مل کر اس حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق، یو پی ایس (پرواز نمبر-2976) طیارہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے کے بعد حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ طیارہ ہونولولو کے ڈینیئل کے اینوئے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف جا رہا تھا۔ ایف اے اے نے منگل کو کہا کہ این ٹی ایس بی اس تحقیقات کی قیادت کرے گا۔
یو پی ایس کے بیان کے مطابق، طیارے میں عملے کے تین ارکان سوار تھے۔ فی الحال کسی نے بھی ان کے زخمی یا ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ لوئسویلے میٹرو پولیس ڈپارٹمنٹ (ایل ایم پی ڈی) اور دیگر ایجنسیاں حادثے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ ایل ایم پی ڈی نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ کچھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
سی این این کے مطابق، ویڈیو فوٹیج میں لُوئسویلے محمد علی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمیک سے کچھ فاصلے پر دھوئیں کا ایک بڑا بادل اٹھتا دکھائی دے رہا ہے۔ یہ ہوائی اڈہ یو پی ایس کے لیے انتہائی اہم ہے۔ یو پی ایس کے مطابق، کمپنی کا ورلڈ پورٹ پچاس لاکھ مربع فٹ سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جہاں بارہ ہزار سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ہوائی اڈے کے پانچ میل کے دائرے کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ اسٹوجز اور کرٹینڈن کے درمیان گریڈ لین کو غیر معینہ مدت تک بند رکھا جائے گا۔
میک ڈونل ڈگلس ایم ڈی-11 ایف ایک مال بردار طیارہ ہے۔ اس کی تیاری ابتدائی طور پر میک ڈونل ڈگلس نے کی تھی اور بعد میں بوئنگ نے اس کا انتظام سنبھالا۔ اس طیارے کا استعمال بنیادی طور پر فیڈ ایکس ایکسپریس، لفتھانزا کارگو اور یو پی ایس ایئرلائنز سامان کی ترسیل کے لیے کرتی ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ 1991 میں تیار کیا گیا تھا۔ میک ڈونل ڈگلس کو خریدنے والی کمپنی بوئنگ کے مطابق، یہ طیارہ زیادہ سے زیادہ 633,000 پاؤنڈ وزن اور 38,000 گیلن سے زائد ایندھن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یو پی ایس ایئرلائنز لوئسویلے، کینٹکی میں قائم ایک بڑی امریکی کارگو ایئرلائن ہے۔ سامان کی ترسیل کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی کارگو ایئرلائنز میں شامل یو پی ایس ایئرلائنز دنیا بھر میں 815 منزلوں تک پرواز کرتی ہے۔
ہندوستان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن