
کولمبو، 23 نومبر (ہ س)۔ نابینا افراد کے لیے ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم نے افتتاحی خواتین ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا۔ سری لنکا کے کولمبو کے پی سارا اوول میں اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں نیپال نے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 114 رن بنائے۔ جواب میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے 12.1 اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا کر آسانی سے کامیابی حاصل کی۔
ٹائٹل میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔ نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنائے۔ سریتا گھمیرے نے ناقابل شکست 35 رنز بنائے جبکہ بملا رائے نے 26 رنز بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی اور بلے باز ڈبل فیگر میں نہیں پہنچا۔
بھارت کی جانب سے جمنا رانی ٹوڈو اور انو کماری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ باقی تین بلے باز رن آؤٹ ہوئے۔
115 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ کپتان دیپیکا ٹی سی 6 رنز بنانے کے بعد جلد آؤٹ ہوئیں اور انیکھا دیوی 2 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد کرونا نے 27 گیندوں میں 42 رنز بنائے، پھولا سرین نے 27 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 44 رنز اور بسنتی ہنسدا نے ناٹ آؤٹ 13 رنز بنائے اور ٹیم کو 12.1 اوورز میں فتح دلائی۔
نیپال کی جانب سے دلیسارا دھمالا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ دو وکٹیں رن آؤٹ کے ذریعے گریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد