
نو منتخب میئر ممدانی کے ساتھ ملاقات میں ٹرمپ نے نیویارک سٹی کو مضبوط بنانے کا یقین دلایا
واشنگٹن، 22 نومبر (ہ س)۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نیویارک کے نو منتخب میئر زہران ممدانی کے درمیان جمعہ کو وائٹ ہاوس میں ہونے والی ملاقات غیر متوقع طور پر نہایت پُرسکون اور گرمجوش بھری رہی۔ اس ملاقات کے بعد ٹرمپ نے نیویارک کو محفوظ اور مضبوط بنانے میں ممدانی کی مدد کا یقین دلایا، جبکہ ممدانی نے بھی ٹرمپ کی تعریف کی۔
نیویارک سٹی کے نو منتخب میئر زہران ممدانی نے وائٹ ہاوس میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ ہم نیویارک کو محفوظ اور مضبوط بنانے میں نو منتخب میئر کی پوری مدد کریں گے۔ وہیں ممدانی نے صدر کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گفتگو اختلافات پر نہیں بلکہ نیویارک کے باشندوں کی ضرورتوں پر مرکوز رہی۔
زہران ممدانی نے اس گفتگو کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’نیویارک میں محنت کش لوگ پیچھے رہ گئے ہیں۔ دنیا کے سب سے امیر شہر میں ہر پانچ میں سے ایک شخص ٹرین یا بس کا 2.90 ڈالر کرایہ بھی ادا نہیں کر سکتا۔ میں نے اس بارے میں ٹرمپ سے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ان لوگوں کو دوبارہ اپنی سیاست کے مرکز میں لائیں۔‘‘
قابلِ ذکر ہے کہ 4 نومبر کو نیویارک سٹی کے میئر کے انتخاب سے محض ایک دن پہلے ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے تنبیہ کی تھی کہ اگر ممدانی جیت گئے تو یہ نیویارک شہر کے لیے ’’معاشی اور سماجی آفت‘‘ ثابت ہوگی۔ ممدانی کی جیت کے بعد ان کے خطاب کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر بھی ٹرمپ نے تیز لہجے میں تبصرہ کرتے ہوئے اسے ’’بہت غصے والا‘‘ بتایا تھا اور کہا تھا کہ اگر وہ واشنگٹن کے لیے احترام نہیں دکھاتے تو ان کے کامیاب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
جبکہ زہران ممدانی نے ٹرمپ کو اپنا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دوسرے دورِ اقتدار میں غیر قانونی تارکین وطن پر سخت کارروائی کر رہے ہیں، حالانکہ نیویارک شہر کو طاقت تارکین وطن ہی دیتے ہیں اور اب یہ شہر ایک تارک وطن کی قیادت میں چلے گا۔ ممدانی نے کہا کہ اگر کسی آمر کو خوفزدہ کرنے کا کوئی طریقہ ہے تو وہ یہی ہے کہ ان حالات کو ختم کیا جائے جنہوں نے اسے اقتدار حاصل کرنے میں مدد دی۔
دونوں جانب سے کی گئی ان تیز بیانات کے درمیان جمعہ کو وائٹ ہاوس میں ہونے والی گفتگو پر سب کی نظریں تھیں۔ تاہم توقعات کے برعکس دونوں رہنماوں کے درمیان گفتگو نہایت پرسکون ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن