
نئی دہلی، 22 نومبر (ہ س)۔شمال مشرقی ضلع کے جیوتی نگر تھانہ علاقے میں جمعہ کی دیر رات امبیڈکر کالج کے پیچھے کردم پوری علاقے میں ملزموں نے ایک نابالغ کو چاقو سے مار دیا۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس ٹیم کو پتہ چلا کہ زخمی کو مقامی لوگوں نے جی ٹی بی اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ متوفی کی شناخت 15 سالہ الفیض کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کردم پوری کا رہائشی تھا۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول اور ملزمان کے درمیان کسی بات پر لڑائی ہوئی تھی۔ لڑائی کے دوران ملزمان نے نابالغ پر چاقو سے حملہ کر دیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ایک نابالغ سمیت دو ملزمان کے کردار کا انکشاف ہوا ہے۔ دونوں پر جرم کو انجام دینے کا شبہ ہے۔ فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ جیوتی نگر پولیس اسٹیشن نے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ متوفی کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ پڑوس میں رہنے والے کچھ لڑکے ان کے بیٹے کو گھر سے بلا کر لے گئے اور واردات کو انجام دیا۔وہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ فی الحال، پولیس ملزم کی شناخت کے لیے جائے واردات کے ارد گرد نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد