
مولانا مظہرالحق آڈیٹوریم، حج بھون میں خصوصی کیمپ کا انعقاد 5؍دسمبر آخری تاریخپٹنہ،22نومبر(ہ س)۔ وقف جائیداد کی محافظت اور مرکزی حکومت و ریاستی حکومت کے ذریعہ ان جائیدادوں کو وقف کی حیثیت سے قبول کرنے کے لئے وقف ترمیمی قانون کے تحت سبھی وقفی جائیداد کی تفصیلات اُمید سینٹرل پورٹل (UMEED Central Portal-2025) پر اَپلوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جس کی آخری تاریخ 5؍دسمبر 2025ء متعین کی گئی ہے۔ اس عمل کو معینہ وقت تک پورا کرنے کے لئے بہار اسٹیٹ شیعہ و سنّی وقف بورڈ کے کی جانب سے جنگی سطح پر مہم چلائی جارہی ہے اور ہرممکن تعاون دیا جارہا ہے۔ یہ باتیں بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین اور جنتال دل یونائیٹڈ کے ریاستی جنرل سکریٹری ارشاد علی آزاد نے اپنے اخباری بیان میں بتائیں۔چیئرمین موصوف نے مزید بتایا کہ ریاست بہار میں واقع ایسی مسجد، قبرستان، امامبارگاہ، امام چوک، کربلا، مدرسہ، مزار، خانقاہ، تعزیہ خانہ، خانقاہ، درگاہ وغیرہ جن کی تفصیلات متعلقہ ذمہ داروں کے ذریعہ اُمید پورٹل پر اب تک اَپلوڈ نہیں کیا جاسکا ہے، ان اراضی سے متعلق دستاویزات جیسے وقف ـڈیڈ، کھتیان، نقشہ، لگان رسید، قبالہ، سروے سے متعلق کاغذات، تعمیر شدہ عمارت کی فوٹو (اگر ہے تو) وغیرہ کے ذریعہ جلد از جلد پورٹل پر اَپلوڈ کریں۔ ساتھ ہی متولی یا دیگر ذمہ دار کو اپنی شناخت کے لئے بھی اپنی فوٹو، آدھار کارڈ، ووٹرکارڈ، ڈرائیونگ لائسنس وغیرہ بھی پورٹل پر اَپلوڈ کرنا ضروری ہے تاکہ وقف شدہ اراضی اور اس کے ذمہ دار کی تصدیق ہوسکے۔ اس عمل کی تکمیل کے لئے محکمہ اقلیتی فلاح، حکومت بہار کی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون دیا جارہا ہے اور مضبوط حکمت عملی کے ساتھ نظر رکھی جارہی ہے۔ وقفی جائیداد کو پورٹل پر اَپلوڈ کرنے کے لئے وقف بورڈکی جانب سے مولانا مظہرالحق آڈیٹوریم، حج بھون، ہارڈنگ روڈ ، پٹنہ میں صبح 10؍بجے سے شام 6؍بجے تک خصوصی کیمپ لگایا گیا ہے اور ضلع وار بتاریخ 20و 21؍نومبر کو پٹنہ، 22؍نومبر کو مظفرپور، اورنگ آباد، پوربی چمپارن، نوادہ، 23؍نومبر کو دربھنگہ، مونگیر، شیخپورہ، سہرسہ، ارول، 24؍نومبر کو نالندہ، سیوان، بیگوسرائے، کھگڑیا، بانکا، شیوہر، 25؍نومبر کو گیا، ویشالی، مدھوبنی، ارریہ، لکھی سرائے، جموئی، مدھے پورہ، 26؍نومبر کو بھاگلپور، سمستی پور، گوپال گنج، کیمور، 27؍نومبر کو سارن، بھوجپور، سیتامڑھی، بکسر، سپول، 28؍نومبر کو کٹیہار، کشن گنج، روہتاس، جہان آباد، پورنیہ، پچھم چمپارن کے ذمہ داروں کو طلب کرکے پورٹل پر اَپلوڈ کرنے کا کام کیا جارہا ہے۔چیئرمین ارشاد علی آزاد نے متعلقہ وقف کے متولی؍ کمیٹی کے سکریٹری؍صدر اور وقف کے دیگر ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس خصوصی کیمپ میں ذاتی دلچسپی اور خوشنودیٔ خدا کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مذکورہ تاریخ اور وقت پر ضرور بالضرور تشریف لائیں اور وقفی جائیداد کو جلد از جلد اُمید پورٹل پر اپلوڈ کریں۔ اس سلسلے میں بورڈ اور اس کے ماہر عملے ہرممکن تعاون فراہم کریں گے۔وقف جائیداد کی محافظت ہماری ذمہ داری ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ہماری اس تساہلی اور بے اعتنائی پر اظہارِ افسوس نہ کریں اور شرمندگی کا شکار نہ ہوں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan