
نئی دہلی، 21 نومبر (ہ س)۔ ویسٹ انڈیز نے دسمبر میں ہونے والے نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے اپنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس میں تجربہ کار تیز گیندباز کیمر روچ اور آل راونڈر کیویم ہاج کی واپسی ہوئی ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے آخری بار جنوری میں پاکستان کے ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں حصہ لیا تھا۔
ٹیم میں روچ کی شمولیت سے نسبتاً کم تجربہ رکھنے والے تیز گیندبازی اٹیک کو مضبوطی ملے گی۔ اس اٹیک میں 29 سالہ او جے شیلڈز بھی شامل ہیں، جنہیں پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ البتہ تیز گیندباز شمر جوزف اور الجاری جوزف چوٹوں کی وجہ سے اس دورے سے باہر ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اسپنر کھیری پیئر کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے، جبکہ ہاج کو دوبارہ موقع دیا گیا ہے۔
کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مائلز باس کومب نے کہا، ’’نیوزی لینڈ ہمیشہ سے کسی بھی ٹیم کے لیے ایک مشکل مقام رہا ہے… اینٹیگا میں حال ہی میں منعقدہ ہائی پرفارمنس کیمپ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز، خاص طور پر تیز گیندبازی کے موافق پچوں کو ذہن میں رکھ کر تیار کیا گیا تھا۔‘‘
روچ اور شیلڈز سمیت کئی کھلاڑیوں نے اس دو ہفتے کے کیمپ میں حصہ لیا اور وہ 20 نومبر کو نیوزی لینڈ میں موجود ون ڈے ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔ ٹیم نیوزی لینڈ الیون کے خلاف کرائسٹ چرچ میں دو روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔
یہ سلسلہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سائیکل کا حصہ ہوگا۔ ویسٹ انڈیز اب تک کھیلے گئے اپنے تمام پانچ ٹیسٹ میچ ہار کر پوائنٹس ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔ دوسری طرف نیوزی لینڈ اس سائیکل کا اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔
نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیسٹ ٹیم درجِ ذیل ہے:
روٹن چیز (کپتان)، جومیل واری کن (نائب کپتان)، ایلک ایتھنازے، جان کیمبل، تیگ نارائن چندرپال، جسٹن گریوز، کیویم ہاج، شی ہوپ، ٹیون ایملاک، برینڈن کنگ، جوہان لین، اینڈرسن فلپ، کیمر روچ، جیڈن سیلز، او جے شیلڈز۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن