
فلمساز سنجے لیلا بھنسالی ہندوستانی سنیما میں اپنے عالیشان سیٹ، شاندارویژوئل اورباریک فنکاری کے لیے جانے جاتے ہیں۔ ”دیوداس“،”رام لیلا“،”پدماوت“ اور کافی سراہی گئی ان کی حالیہ سیریز ”ہیرامنڈی“ جیسی شاندار پیش کش کے بعد سامعین ان کے اگلے بڑے پروجیکٹ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ ان کی اگلی ریلیز رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وانی کپور کی اداکاری والی فلم ”لو اینڈ وار“ ہوگی، جس کی شوٹنگ فی الحال جاری ہے۔ تاہم، بھنسالی کا اگلا سنیما پروجیکٹ اس سے مختلف ہے اور وہ ”دو دیوانے سہر میں“ ہے۔
ویلنٹائن ڈے پر ریلیز ہوگی رومانٹک فلم دو دیوانے سہر میں
بھنسالی پروڈکشن نے ایک ٹیزر ویڈیو کے ساتھ اس نئے پروجیکٹ کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیاہے،”دو دل، ایک شہر اور ایک نامکمل محبت کی کہانی! اس ویلنٹائن ڈے، عشق سے عشق ہو جائے گا!“۔ اس فلم میں سدھانت چترویدی اور مرونال ٹھاکر مرکزی کردار میں ہیں، جو پہلی بار کسی پروجیکٹ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ جوڑی سامعین کے لیے ایک تازہ اور نوجوان رومانوی جوڑی ثابت ہو سکتی ہے۔
اس فلم کی ہدایت کاری سنجے لیلا بھنسالی نہیں بلکہ ’موم‘ فیم ڈائریکٹر روی ادے وار کررہے ہیں۔ اس کے حساس اور طاقتور ہدایت کاری کے انداز کو دیکھتے ہوئے، امید کی جاتی ہے کہ فلم اپنی کہانی اور جذبات کے ذریعے سامعین سے گہرا تعلق قائم کرے گی۔ بھنسالی اس فلم کو پروڈیوس کریں گے، جس سے امیدیں اور بھی بڑھ جاتی ہیںکہ ویژوئل ٹریٹ، موسیقی اور حساسیت کا بہترین امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔فلم دو دیوانے سہر میں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جو 20 فروری 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد