
واشنگٹن، 20 نومبر (ہ س)۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور نیویارک شہر کے نو منتخب میئر ہندوستانی نژاد امریکی زہران ممدانی جمعہ کو آمنے- سامنے ہوں گے۔ ٹرمپ نے اپنے سخت ناقد ممدانی کی ملاقات کی درخواست کو قبول کر لیا ہے۔ ممدانی معروف بھارتی فلم ساز میرا نائر کے بیٹے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کے مطابق صدر ٹرمپ نے بدھ کو اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا اکاونٹ پر وائٹ ہاوس میں ممدانی کے ساتھ اپنی ہونے والی ملاقات کے بارے میں معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کی تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی۔ ممدانی کے ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے ملاقات کی ہماری درخواست قبول کر لی ہے۔ دونوں جمعے کو واشنگٹن میں ملاقات کریں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ ٹرمپ نے اس ہفتے کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ وہ ممدانی سے واشنگٹن میں ملاقات کریں گے، تاہم انہوں نے اس وقت تاریخ کا اعلان نہیں کیا تھا۔
میئر ممدانی معروف فلمساز میرا نائر اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر محمود ممدانی کے بیٹے ہیں۔ وہ یوگنڈا کے کمپالا میں پیدا ہوئے اور سات سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ نیویارک آ گئے تھے۔ ممدانی نے 2018 میں امریکی شہریت حاصل کی تھی۔
این بی سی نیوز کے مطابق ممدانی نے چند روز قبل وائٹ ہاوس سے بات چیت کا بندوبست کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔ ممدانی کے ترجمان، ڈورا پیکیک نے بدھ کی رات ایک بیان میں کہا، ”واشنگٹن میں میئر اور صدر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عوامی تحفظ اور مالیاتی تحفظ جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔“
پیر کو ممدانی نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ نیویارک شہر سے باہر نکل رہے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کی معاشی پالیسیاں نیویارک کے لوگوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ خاص طور پر، ٹرمپ نے نیو یارک سٹی کے میئر کے انتخاب میں آزاد امیدوار سابق گورنر اینڈریو کوومو کی حمایت کی تھی۔اس کے ساتھی ہی ، خود کو ڈیموکریٹک سوشلسٹ بتانے والے ممدانی کو بار بار کمیونسٹ کہا۔
ٹرمپ نے 4 نومبر کے انتخابات سے عین قبل خبردار کیا تھا کہ ممدانی کی جیت نیویارک شہر کے لیے مکمل اقتصادی اور سماجی تباہی ثابت ہوگی۔ ممدانی نے اپنی جیت کی تقریر میں ٹرمپ کو چیلنج بھی کیا اور کہا کہ نیویارک کی طاقت اب اس کے تارکین وطن ہوں گے۔ شہر اب ایک تارکین وطن کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد