
رواں سال اکتوبر میں اداکارہ سونم کپور کے دوسرے حمل سے متعلق چرچا نے زور پکڑ لیا تھا۔ طویل عرصے تک قیاس آرائیوں کے بعد سونم نے خود سوشل میڈیا پر تصدیق کی کہ وہ اور شوہر آنند آہوجا اپنے خاندان میں ایک اور ننھے مہمان کا استقبال کرنے والے ہیں۔ اداکارہ نے یہ خبر بے حد اسٹائلش تصاویر کے ساتھ شیئر کی ہے۔ طویل عرصے تک سسپنس کو زندہ رکھنے کے بعد سونم کپور نے جمعرات کو انسٹاگرام پر اپنی پریگنینسی کو آفیشل کر دیا۔ انہوں نے گلابی لباس میں اپنے بے بی بمپ کو ظاہر کرتے ہوئے ایک فوٹو شوٹ شیئر کیا۔ تصویروں کے کیپشن میں انہوں نے صرف”ماں“ لکھا۔ ان کی یہ پوسٹ تیزی سے انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔ کئی ستاروں نے انہیں مبارکباد دی۔
پہلی بار 2022میں بھی تھیں ماں
سونم اور آنند نے 2022 میں اپنے پہلے بچے وایو کا استقبال کیا تھا۔ اب 40 سال کی عمر میں سونم دوبارہ ماں بننے والی ہیں۔ کپور اور آہوجا خاندان میں خوشی کا ماحول ہے اور ہر کوئی نئے مہمان کی آمد کا انتظار کر رہا ہے۔ سونم کی تصدیق کے بعد مداح بھی کافی پرجوش ہیں۔ دونوں نے کئی برسوں کے تعلقات کے بعد مئی 2018 میں شادی کی تھی۔ دونوں کی پہلی ملاقات پریم رتن دھن پایو کے پروموشن کے دوران ہوئی، جس کا ذکر سونم نے اپنے انسٹاگرام لائیو میں کیا تھا۔ 2014 میں پہلی ملاقات کے بعد وہ فیس بک پر جڑے، باتیں کرنے لگے اور آہستہ آہستہ ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔
سونم کی آخری فلم
سونم کپور آخری بار 2023 میں ریلیز ہونے والی بلائنڈ میں نظر آئی تھیں۔ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد، انہوں نے فلموں سے بریک لے لیا۔ وہ آنند کے ساتھ اکثر لندن، دہلی اور ممبئی کے درمیان سفر کرتی رہتی ہیں۔ سونم نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2007 میں رنبیر کپور کے ساتھ فلم ”سانوریا“ سے کیا اور ”دہلی 6“،”رانجھنا“،”نیرجا“، اور ”ویرے دی ویڈنگ“ جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد