
پٹنہ، 2 نومبر (ہ س)۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے این ڈی اے حکومت پر حملہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہار میں’’مہا جنگل راج‘‘ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج پٹنہ آ رہے ہیں لیکن کئی اضلاع میں قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بار انتخابات میں عظیم اتحاد کی حکومت بنے گی۔ نتائج کا اعلان 14 تاریخ کو کیا جائے گا، حلف برداری کی تقریب 18 تاریخ کو ہوگی اور تیجسوی یادو اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تمام ذاتوں کے جرائم پیشہ افراد کو 26 جنوری تک جیل بھیج دیا جائے۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گجرات میں فیکٹریاں لگاتے ہیں اور بہار میں ووٹ مانگنے آتے ہیں۔ ان کا یہ جملہ چلنے والا نہیں ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ این ڈی اے ممبران جرائم پیشہ افراد کے تحفظ میں سر گرم ہیں۔واضح رہے کہ مکامہ میں دلارچند یادو قتل کے بعد بہار میں سیاسی سرگرمی بڑھ گئی ہے۔ حکمراں جماعت اور اپوزیشن آمنے سامنے ہیں اور اپوزیشن امن و امان کی صورتحال کو انتخابی ایشو بنانے میں مصروف ہے۔اس معاملے میں جے ڈی یو امیدوار اننت سنگھ کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ ان کے حمایتی منی کانت ٹھاکراور رنجیت رام کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan