بھارت نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔
ہوبارٹ (آسٹریلیا)، 02 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی ٹیم نے اتوار کو ہوبارٹ کے بیلریو اوول میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ جو
کرکٹ


ہوبارٹ (آسٹریلیا)، 02 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی ٹیم نے اتوار کو ہوبارٹ کے بیلریو اوول میں کھیلے گئے تیسرے ٹی20 میچ میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم نے 18.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 188 رن بنا کر کامیابی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی آسٹریلوی ٹیم نے جیت لیا تھا۔

187 کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو پہلا جھٹکا چوتھے اوور میں 33 پر لگا۔ ابھیشیک شرما 16 گیندوں پر 25 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد، شبھمن گل چھٹے اوور میں اور کپتان سوریہ کمار یادو آٹھویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ گل نے 12 گیندوں پر 15 جبکہ سوریہ کمار یادو نے 11 گیندوں پر 24 رن بنائے۔ تلک ورما اور اکسر پٹیل نے مل کر 10 ویں اوور میں ہندوستان کو 100 سے آگے پہنچا دیا۔ تاہم، اکسر 17 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، جس سے مجموعی اسکور 111 ہو گیا، جب کہ تلک ورما 29 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ واشنگٹن سندر نے 23 گیندوں پر ناقابل شکست 49 رن بنائے، جس میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے، جب کہ جیتیش نے 13 گیندوں پر ناقابل شکست 22 رن بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے تین جب کہ مارکس اسٹوئنس اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رن بنائے۔ میزبان ٹیم کی شروعات خراب رہی اور اسے پہلے تین اوورز میں دو جھٹکے لگے۔ ٹریوس ہیڈ 6 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور جوش انگلس صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کپتان مچل مارش اور ٹم ڈیوڈ نے اننگ کی ذمہ داری سنبھالی اور ساتویں اوور تک ٹیم کے اسکور کو 50 رن سے آگے لے گئے۔ تاہم نویں اوور میں آسٹریلیا کو لگاتار دو گیندوں پر دو جھٹکے لگے۔ مارش 11 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر مچل اوون کلین بولڈ ہو گئے۔

ٹم ڈیوڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر 8 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 74 رن بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مارکس اسٹوئنس اور میتھیو شارٹ نے چھٹی وکٹ کے لیے 64 رن جوڑے۔ اسٹوئنس نے 39 گیندوں میں 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے۔ شارٹ نے 15 گیندوں پر 26 رن بنائے اور زیویئر بارٹلیٹ 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ سب سے کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ورون چکرورتی نے دو اور شیوم دوبے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande