
حیدرآباد ، 2 نومبر(ہ س)۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس اقلیتوں کے بشمول سماج کے تمام طبقات کی ترقی وبہبود کیلئے بڑے پیمانے پراقدامات کررہی ہے۔ وعدے کے مطابق محمد اظہر الدین کوکابینہ میں شامل کیا ہے جس پربی جے پی اوربی آرایس اعتراض کرکے اس کی مخالفت کررہے ہیں تاہم کانگریس عوام سے تمام وعدوں کو پورا کررہی ہے۔ ریاست کے معاشی حالات کمزور ہونے کے باوجود ایک کے بعد دیگروعدوں کوعملی جامہ پہنایاجارہا ہے۔ وزیراعلی مسلسل دوسرے دن جوبلی ہلز کے بورہ بنڈہ میں کانگریس امیدوارنوین یادوکی انتخابی مہم میں کارنرمیٹنگ سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔وزیراعلی نے کہا کہ ریاست میں بی آر ایس وبی جے پی میں خفیہ اتحاد ہے اوردونوں ریاست کی ترقی میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔10سال تک اقتدارپررہنے والی بی آر ایس نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلزکوترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے،اسی لئے عوام نے بی آر ایس کو فراموش کردیا ہے اورکارہمیشہ کیلئے شیڈ کو پہنچ چکی ہے،اب اس کاباہرنکلنا ممکن نہیں ہے۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے عوام میں آنجہانی ایم گوپی ناتھ کو مسلسل تین مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب کیا تھا لیکن وہ عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوگئے۔ ضمنی انتخابات میں کانگریس نے نوجوان قائد انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ کانگریس کی کامیابی کے بعد وہ اس حلقہ کو مثالی حلقہ کے طورپرترقی دیں گے۔ لہذا وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ بی آر ایس اور بی جے پی کوشکست دے کرکانگریس کوکامیاب بنائیں وہ اس حلقہ کے ترقی کی ذمہ داری خود قبول کریں گے۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق