
نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔ سپریم کورٹ نے ریلائنس کمیونیکیشنز کی جانب سے بینک اور کارپوریٹ دھوکہ دہی کی عدالت کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور انل امبانی کو نوٹس جاری کیا۔ چیف جسٹس بی آر گوئی کی سربراہی میں بنچ نے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے معاملے کی سماعت تین ہفتوں کے بعد مقرر کی۔
یہ عرضی سابق مرکزی سکریٹری ای اے ایس شرما نے دائر کی تھی۔ سماعت کے دوران درخواست کنندہ کی جانب سے پیش ہوئے پرشانت بھوشن نے کہا کہ اس تحقیقات میں بینک والے تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ پرشانت بھوشن نے عدالتسے مطالبہ کیا کہ وہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سی بی آئی کو اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت کرے۔ بھوشن نے دلیل دی کہ اس دھوکہ دہی میں عوامی فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا۔
سماعت کے دوران، پرشانت بھوشن نے کہا کہ سی بی آئی نے 21 ستمبر کو ایک ایف آئی آر درج کی لیکن اس ایف آئی آر میں پورے گھوٹالے کے صرف ایک چھوٹے سے حصے کا ذکر کیا گیا ہے۔ بھوشن نے مزید کہا کہ فارنسک تحقیقاتی رپورٹ کے باوجود ذمہ دار بینک حکام، آڈیٹرز اور دیگر کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی ہیں۔ بامبے ہائی کورٹ نے بھی اس معاملے میں ایک منصوبہ بند گھوٹالے کی موجودگی کو تسلیم کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد