
جموں،18 نومبر(ہ س)۔
ضلع پونچھ میں منشیات مخالف مہم کے تحت پولیس نے ایک اہم کارروائی کے دوران ایک منشیات فروش کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے 11.20 گرام ہیروئن نما مادہ (چِٹہ) برآمد کر لیا۔
سرکاری تفصیلات کے مطابق تھانہ سرنکوٹ کی پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنا پر فضل آباد پل کے مقام پر خصوصی ناکہ قائم کیا۔ دورانِ تلاشی پیدل راہگیروں اور مسافروں کی جامع چیکنگ کی گئی۔ اسی دوران ایک مشتبہ شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس سے سیاہ پالی تھین برآمد ہوئی، جس میں 11.20 گرام ہیروئن نما مادہ موجود تھا۔
گرفتار ملزم کی شناخت انعام الحق ولد خادم حسین سکنہ ڈھنڈک، تحصیل سرنکوٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے موقع پر ہی ملزم کو حراست میں لے کر تھانہ سرنکوٹ میں ایف آئی آر نمبر 260/2025 زیرِ دفعات 8/20/21 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
ضلع پولیس پونچھ نے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی خرید و فروخت یا اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی اطلاع کو فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر