
جموں، 18 نومبر (ہ س)۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر نچلا نہ کے مقام پر منگل کی شام ایک سیب سے لدا ٹرک گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ٹرک سرینگر سے جموں کی جانب رواں دواں تھا کہ نچلا نہ کے قریب سڑک سے پھسل کر نالہ بشلاری میں جا گرا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں، پولیس تھانہ رامسو کی ٹیموں، 23 آر آر کے اہلکاروں، این جی او بانہال کے رضاکاروں اور ہمالین کیو آر ٹی نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نالہ بشلاری کے یخ بستہ پانی اور دشوار گزار حالات کے باوجود ریسکیو ٹیموں نے تقریباً ایک گھنٹے تک کارروائی جاری رکھی۔ اس دوران ایک شخص کی موت کی تصدیق ہوئی، جبکہ دو زخمیوں کو بحفاظت نکال کر 23 آر آر نچلا نہ کے طبی مرکز منتقل کیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عبدالمجید لون ولد محمد مقبول لون ضلع کپواڑہ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے اس ضمن میں معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر