
دہلی دھماکے کے ذمہ داروں کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے ۔ عمر عبداللہ
سرینگر، 18 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ دہلی دھماکے میں ملوث افراد کو سخت ترین سزا ملنی چاہئے لیکن بے گناہوں کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ نوگام دھماکے کے زخمیوں سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ انہوں نے کل کی شمالی زونل کمیٹی کے اجلاس میں جموں و کشمیر کے لوگوں کے مسئلے کو اجاگر کیا کہ ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا، دہلی دھماکے کے ذمہ داروں کو پکڑ کر سخت ترین سزا دی جانی چاہیے لیکن بے قصور، جن کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور جنہوں نے ہمیشہ تشدد کے خلاف آواز اٹھائی ہے، انہیں اس میں نہیں گھسیٹا جانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاوضہ وزیراعلیٰ ریلیف فنڈ سے دیا گیا ہے لیکن چونکہ تھانے میں دھماکہ ہوا ہے اس لیے محکمہ داخلہ کو بھی متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کو ملازمتوں کے حوالے سے معاوضہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ میں افسران کو ضروری رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کروں گا تاکہ متاثرہ خاندان کو ملازمت کا معاوضہ فراہم کیا جا سکے، انہوں نے درزی کی موت کے بارے میں ایک سوال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان باتوں کا اظہار کیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir