
نئی دہلی، 18 نومبر (ہ س)۔ ممبئی-احمد آباد ہائی اسپیڈ ریلوے پروجیکٹ کے تعمیر میں ہونے والی پیش رفت کو دیکھتے ہوئے، حکومت نے اپنی ٹائم لائن میں قدرے ترمیم کی ہے۔ اب یہ اگست 2027 میں سب سے پہلے بلیمورہ سے سورت کے بجائے واپی سے سورت کے درمیان (تقریباً 98 کلومیٹر) تک چلے گی اور پورا پروجیکٹ 2029 تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ہفتہ سورت میں بلٹ ٹرین پروجیکٹ اسٹیشن کا معائنہ کیا تھا اور وزیر ریلوے اشونی ویشنو اور پروجیکٹ کے عہدیداروں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی تھی۔ وزیراعظم نے جاپان کی مالی اور تکنیکی مدد سے تعمیر کئے جا رہے اس پروجیکٹ سے جو تکنیکی اختراعات سیکھی ہیں، انہیں ملک کےبنیادی ڈھانچوں دیگرپروجیکٹوں میں استعمال کرنے کی نصیحت دی ہے۔ سورت کااسٹیشن ہیرے کے ڈیزائن پر مبنی ہے۔
جاپان کے ساتھ ٹرین سیٹس کی فراہمی کے زیر التوا معاہدے کے بارے میں پوچھے جانے پر باخبر ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں راستہ نکالا جا چکا ہے اور اگست 2027 میں آزمائشی کارروائیوں کی تیاری کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے اس بارے میں دریافت کئے جانے پر سوال کو مسکراتے ہوئے ٹال دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزارت ریلوے اس سلسلے میں تیاری کر رہی ہے۔
ممبئی-احمد آباد ہائی اسپیڈ ریلوے پروجیکٹ میں سال 2027میں سب سے پہلے بلیمورہ-سورت (54 کلومیٹر) سیکشن پر آزمائشی طور پر چلانے کا منصوبہ تھا۔ تاہم، باخبر ذرائع اب بتاتے ہیں کہ وزیر اعظم کی خواہش پر آزمائشی آپریشنز کے لیے بیلمورہ کے بجائے واپی-سورت سیکشن (تقریباً 98 کلومیٹر) کو منتخب کیا گیا ہے۔ پروجیکٹ بنانے والی کمپنی نیشنل ہائی اسپیڈ ریل کارپوریشن لمیٹڈ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
بلٹ ٹرین پروجیکٹ میں، گجرات اور دادرا نگر حویلی کے درمیان 352 کلومیٹر کے سیکشن میں سے 323 کلومیٹر پر وائرڈکٹ بنائے گئے ہیں،اور 149 کلومیٹر پر پٹری بچھانے کا کام شروع ہو چکا ہے۔ تقریباً 106 کلومیٹر کے فاصلے تک ٹریک بیڈ اور 52.350 کلومیٹر تک ٹریک سلیب بچھائی جا چکی ہے۔ گجرات-دادرا نگر حویلی سیکشن پر 21 ندیوں میں سے17 پل مکمل ہو چکے ہیں۔ باقی حصوں پر آخری مرحلے کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ممبئی-احمد آباد بلٹ ٹرین پروجیکٹ کی کل لمبائی 508 کلومیٹر ہے۔ ان میں سے، گجرات اور دادرا نگر حویلی سیکشن 352 کلومیٹر پر محیط ہے، جبکہ مہاراشٹرا سیکشن 156 کلومیٹر پر محیط ہے۔پروجیکٹ میں 12 اسٹیشن شامل ہوں گے۔ مہاراشٹر میں ممبئی، تھانے، ویرار اور بوئسر ، دادرا نگر حویلی میں واپی؛ اور گجرات میں بلیمورہ، سورت، بھروچ، وڈودرا، آنند، احمد آباد اور سابرمتی شامل ہوں گے۔ سابرمتی، سورت اور تھانے میں ڈپو بنائے جا رہے ہیں۔ مہاراشٹر کے باندرہ کرلا کمپلیکس اور شلفاٹا کے درمیان فی الحال 21 کلومیٹر طویل سرنگ زیر تعمیر ہے، جس میں تقریباً سات کلومیٹر تھانے کریک کے نیچے سے گزرتا ہے۔این اے ٹی ایم کی مدد سے مہاراشٹر کے پالگھر ضلع میںسات پہاڑی سرنگیں بھی تعمیر کی جا رہی ہیں۔ گجرات میں آٹھ اسٹیشنوں کے لیے ساختی کام مکمل ہونے کے قریب ہے۔ مہاراشٹر کے تینوں ایلیویٹڈ اسٹیشنوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور بی کے سی میں ممبئی بلٹ ٹرین اسٹیشن پر بیس سلیب کی ڈَھلائی کی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد