
ہندوستان کی سیاست میں اندرا گاندھی وہ نام ہیں جنہوں نے اپنے بے مثال حوصلے، مضبوط عزم اور متنازعہ فیصلوں کے باوجود عوامی مقبولیت کی بنیاد پر ملک کی سیاسی تاریخ کو نئی سمت دی۔ ملک کی پہلی اور واحد خاتون وزیر اعظم اندرا گاندھی نے اقتدار کی بلند ترین چوٹی تک پہنچ کر یہ ثابت کیا کہ سیاسی ارادے کی پختگی اور قیادت کی صلاحیت کسی بھی قائم شدہ روایت کو توڑ سکتی ہے۔
19 نومبر 1917 کو الہ آباد میں پنڈت جواہر لعل نہرو اور کملا نہرو کے ہاں پیدا ہونے والی اس بچی کا نام دادا موتی لعل نہرو نے ‘اندرا’ رکھا تھا۔ والد نے ان کے ملائم مزاج اور خوبصورتی کے باعث ‘پریہ درشنی’ بھی جوڑا۔ وقت کے ساتھ یہی پریہ درشنی دنیا کی با اثر ترین خواتین لیڈروں میں شمار ہونے لگیں۔
سیاست کے ابتدائی دور میں مورارجی دیسائی جیسے سینئر لیڈران انہیں حقارت سے گونگی گڑیا کہا کرتے تھے، لیکن وزیر اعظم بننے کے بعد اندرا گاندھی نے جس مضبوطی اور فیصلہ کن صلاحیت کا مظاہرہ کیا، اس نے انہیں عالمی سیاست میں خاتون آہن کے طور پر قائم کر دیا۔
اندرا گاندھی نے لگاتار تین بار اور کُل چار بار ہندوستان کی وزیر اعظم کی حیثیت سے ملک کی قیادت کی۔ ان کے کئی تاریخی فیصلے ملک کی سمت طے کرنے میں نہایت اہم ثابت ہوئے، وہیں کچھ فیصلوں نے شدید تنازعات بھی پیدا کیے۔
ایمرجنسی ان کی سیاست کا وہ باب تھا جس نے ہندوستانی جمہوریت کی تاریخ پر گہرا نقش چھوڑا۔ 1975 میں ان کی سفارش پر لگائی گئی ایمرجنسی ملک بھر میں بے چینی کا سبب بنی اور اسی کے نتیجے میں انہیں اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑا۔
تنازعات کے درمیان ان کا ایک اور سخت فیصلہ، جون 1984 میں امرتسر کے سورن مندر میں فوجی کارروائی، ان کی زندگی کا سب سے فیصلہ کن اور المناک موڑ ثابت ہوا۔ اسی کارروائی سے پیدا ہونے والے غصے کے سبب 31 اکتوبر 1984 کو ان کے دو سکھ باڈی گارڈز نے گولیاں مار کر ان کا قتل کردیا۔
اس کے باوجود اندرا گاندھی آج بھی ہندوستانی سیاست میں مضبوط، بااثر اور فیصلہ کن قیادت کی علامت بنی ہوئی ہیں۔ ان کی میراث ہندوستانی تاریخ کے اوراق پر ہمیشہ کے لیے ثبت ہے، جہاں ان کی شخصیت اور کارکردگی ہمیشہ گفتگو کا مرکزی موضوع بنی رہے گی۔
دیگراہم واقعات:
1824 - روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں سیلاب سے دس ہزار لوگوں کی موت ہوئی۔
1835 - 1857 کی پہلی ہندوستانی جنگِ آزادی کی بہادر رانی رانی لکشمی بائی پیدا ہوئیں۔
1895 - فریڈرک ای۔ بلیسڈیل نے پینسل کا پیٹنٹ حاصل کیا۔
1933 - یورپی ملک اسپین میں خواتین کو حق رائے دہی ملا۔
1951 - امریکہ نے نیواڈا میں ایٹمی تجربہ کیا۔
1952 - اسپین یونیسکو کا رکن بنا۔
1977 - مصر کے صدر انور سادات کا تاریخی اسرائیل دورہ۔
1982 - نویں ایشیائی کھیل دہلی میں شروع ہوئے۔
1986 - ماحولیات کے تحفظ کا قانون نافذ ہوا۔
1988 - ہندوستان کے سابق 15ویں چیف جسٹس ایم۔ حمید اللہ بیگ کا انتقال ہوا۔
1994 - ہندوستان کی ایشوریہ رائے مس ورلڈ منتخب ہوئیں۔
1995 - کرنا مَلیشوری نے ویٹ لفٹنگ میں عالمی ریکارڈ قائم کیا۔
1997 - کلپنا چاولہ خلا میں جانے والی پہلی ہندوستانی خاتون بنیں۔
1998 - ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں لاکھوں لوگ آسمان کی طرف دیکھتے ہوئے مایوس رہے، صرف جاپان اور تھائی لینڈ کے باشندے ہی دیوالی (یعنی شہابِ ثاقب کے زمین کے ماحول سے ٹکرا کر جلنے کا منظر) دیکھ سکے۔
1998 - کیمبرج کے انٹرنیشنل بایوگرافیکل سینٹر نے بھرتناٹیم کی ممتاز رقاصہ کوملا وردھن کو ’’ویمن آف دی ایئر‘‘ ایوارڈ کے لیے منتخب کیا۔
2000 - پاکستان کی ایک عدالت نے پاکستان کے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی والدہ نصرت بھٹو کو 2 سال قید مشقت کی سزا سنائی۔
2002 - آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جیکس کوبرن کا لاس اینجلس میں انتقال ہوا۔
2005 - پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے ہندوستان کو زلزلہ متاثرین کے مفاد میں کشمیر مسئلہ حل کرنے کی تجویز دی۔
2006 - ہندوستان نے جوہری توانائی اور یورینیم کی سپلائی کے لیے آسٹریلیا کی حمایت مانگی۔
2007 - افغانستان کے جنوب مغربی صوبے نیمروز میں خودکش حملے میں گورنر کے بیٹے سمیت سات افراد مارے گئے۔
2008 - اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے سربراہ محمد البرادعی کو سال 2008 کا اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا۔
2013 - لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایرانی سفارت خانے کے قریب ہونے والے دوہرے خودکش بم دھماکے میں 23 افراد ہلاک اور 160 زخمی ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن