جے شنکر اور لاوروف نے ہندوستان-روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا
ماسکو، 18 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر نے یہاں اپنے ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ اس دوران روس کے وزیر خارجہ لاوروف اور جے شنکر نے 23ویں سالانہ ہندوستان-روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور دیگر عالمی مسائل پر تبادلہ خیال
جے شنکر اور لاوروف نے ہندوستان-روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا


ماسکو، 18 نومبر (ہ س)۔ ہندوستانی وزیر خارجہ جے شنکر نے یہاں اپنے ہم منصب سرگئی لاوروف سے ملاقات کی۔ اس دوران روس کے وزیر خارجہ لاوروف اور جے شنکر نے 23ویں سالانہ ہندوستان-روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور دیگر عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

جے شنکر پیر کو روس کے تین روزہ دورے پر ماسکو پہنچے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’آج ماسکو میں وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے مل کر خوشی ہوئی، ہماری دو طرفہ شراکت داری بشمول تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، نقل و حرکت، زراعت، ٹیکنالوجی، ثقافت اور عوام سے عوام کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘‘

جے شنکر نے کہا کہ ہم دونوں نے علاقائی، عالمی اور کثیر فریقی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس کے علاوہ 23ویں سالانہ ہندوستان-روس سربراہی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

روس کے دورے کے دوران جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہانِ مملکت کونسل کی میٹنگ میں حصہ لیں گے۔ روس پہنچنے پر ہوائی اڈے پر ان کا استقبال ہندوستان کے سفیر ونئے کمار اور روسی وزارتِ خارجہ کے سیکنڈ ایشیا ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر الیکسی پاولوسکی نے کیا۔

روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کی رپورٹ کے مطابق، جے شنکر اور لاوروف کے درمیان روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے نئی دہلی دورے کی تیاریوں پر بھی گفتگو کیے جانے کی امید ہے۔ پوتن 5 دسمبر کے آس پاس وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ سالانہ سربراہی اجلاس کے لیے ہندوستان پہنچ سکتے ہیں۔ پوتن اس سے پہلے 2021 میں نئی دہلی آئے تھے۔

تاس کی رپورٹ کے مطابق، جے شنکر منگل کو ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی میٹنگ میں وزیراعظم مودی کی نمائندگی کریں گے۔ صدر پوتن کے بھی اس اجلاس سے خطاب کرنے کی امید ہے۔ جے شنکر بدھ کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کزان اور ایکاتیرنبرگ میں دو نئے ہندوستانی قونصل خانوں کا افتتاح کریں گے۔ روس کے سینٹ پیٹرزبرگ اور ولادی ووستوک میں پہلے سے ہی ہندوستان کے قونصل خانے موجود ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande