
اراولی، 18 نومبر (ہ س) ۔گجرات کے اراولی ضلع کے موڈاسا کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ احمد آباد جانے والی ایمبولینس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس میں ایک نوزائیدہ بچہ، اس کا باپ، ایک ڈاکٹر اور ایک نرس جل کر ہلاک ہو گئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے۔ موڈاسا میونسپلٹی فائر آفیسر ہیمراج واگھیلا نے بتایا کہ صبح 1:40 بجے ایمبولینس میں آگ لگنے کی اطلاع کے لیے کال موصول ہوئی۔ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا تاہم اس وقت تک تین افراد موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ بعد ازاں بچے کے والد کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔اراولی کے ضلع مجسٹریٹ پراشتی پاریکھ نے کہا کہ آگ لگنے کی بنیادی وجہ ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر پھٹنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نومولود کو بہتر علاج کے لیے احمد آباد کے اورنج ہسپتال ریفر کیا گیا۔پولیس کے مطابق لوناواڈا کے رہائشی جگنیش بھائی مہیش بھائی موچی کے نومولود بچے کو بہتر علاج کے لیے موڈاسا کے رچ اسپتال سے ایمبولینس کے ذریعے احمد آباد منتقل کیا جا رہا تھا۔ موڈاسا سے دو کلومیٹر دور ایمبولینس میں اچانک آگ لگ گئی۔ نومولود سمیت چار افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے، جبکہ تین افراد، نومولود کی دادی، نومولود کے چچا اور ایمبولینس ڈرائیور جھلس گئے۔ ان کا علاج جاری ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ منوہر سنگھ جڈیجہ نے بتایا کہ ایمبولینس میں کل سات افراد سوار تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔حادثے میں جھلسنے والے ایک رشتہ دار گورانگ موچی نے بتایا کہ انہیں اورنج ہسپتال احمد آباد لے جانے کے لیے وہاں سے ایمبولینس بھیجی گئی۔ اس نے کہا، ’راستے میں، پیچھے میں اچانک آگ لگ گئی۔ میرا بھائی، ڈاکٹر، نرس اور نومولود جھلس گئے۔ ہم میں سے تین سامنے بیٹھے تھے- میری ماں، میں اور ڈرائیور۔ باہر کود پڑے۔‘
مرنے والوں کی شناخت لوناواڈا کے رہنے والے جگنیش بھائی مہیش بھائی موچی (38)، نوزائیدہ (ایک دن پرانی)، ڈاکٹر راجکرن شانتی کمار ریٹیا (30) ساکن چاند کھیڑا، احمد آباد اور نرس بھوری بین رمن بھائی منات (23) ساکن اودھا بھڈواچ، کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمیوں میں ایمبولینس ڈرائیور انکت بھائی رام بھائی ٹھاکور (24)، نومولود کے چچا، گورانگ مہیش بھائی موچی (40) اور نومولود کی دادی گیتا بین عرف جے شری بین موچی (60) شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan