
کمیونٹی میڈیسن کے اساتذہ اور ریزیڈنٹس نے قومی کانفرنس میں شاندار علمی کارکردگی پیش کی
علی گڑھ، 18 نومبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کی چیئرپرسن پروفیسر عظمیٰ ارم اور پروفیسر سائرہ مہناز کی رہنمائی میں شعبہ نے ایمس، نئی دہلی میں منعقدہ ایپیڈیمیولوجی فاؤنڈیشن آف انڈیا کی چھٹی سالانہ قومی کانفرنس میں شاندار علمی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پروفیسر سائرہ مہناز نے ایک پلینری سیشن میں بعنوان ”کمزور آبادی میں زچہ بچہ صحت خدمات کے لئے اے آئی کے اطلاقات“ خطاب کیا اور زچگی و اطفال صحت سے متعلق اورل پرزنٹیشن سیشن کی صدارت بھی کی۔ ڈاکٹر سلمان شاہ نے”علی گڑھ شہر میں ٹائپ 2ذیابیطس کے مریضوں میں سیلف مانیٹرنگ بلڈ گلوکوز کے عمل کا اثر اور کلینیکل پیرامیٹرز پر ڈجیٹل طبی مداخلت“ موضوع پر اپنی تحقیق پیش کی۔ ڈاکٹرثمینہ احمد نے متفرق موضوعات پر مبنی اورل پرزنٹیشن سیشن کی صدارت کی، جبکہ ڈاکٹر یاسر زبیر نے ایک سیشن کی صدارت کی اور علی گڑھ کے دیہی خطہ کے طلبہ میں اسکول میں آنکھوں کی صحت کی تعلیم کے فوائد موضوع پر اپنا مقالہ پیش کیا۔
سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر دانش کمال پوسٹر پرزنٹیشن سیشن کے جج رہے اوراپنی ایک تحقیق پیش کی۔ جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر سید صہیب ہاشمی نے شمالی ہند میں پی ایل ایچ آئی وی میں غذائیت کے موضوع پر اپنامقالہ پیش کیا۔
جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر چندرا مولی مترا اور ڈاکٹر شافیا شفیق نے پی جی کوئز مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی، اور ساتھ ہی ڈیجیٹل ہیلتھ اور جیسٹیشنل ڈائبٹیز ملیٹس پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر ریا نے علی گڑھ میں عمررسیدہ افراد میں ڈپریشن اور سماجی تنہائی کے درمیان تعلق کے موضوع پر اپنی تحقیق پیش کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ