
مدھیہ پردیش میں سردی نے ریکارڈ توڑے، درجہ حرارت 5 ڈگری سے نیچے، نصف ریاست میں سرد لہر کا الرٹ
صوبے کے اضلاع میں اسکولوں کے اوقات تبدیل
بھوپال، 18 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں اس بار سردی اپنے عروج پر ہے۔ شمالی ہواوں کی تیزی کے درمیان ریاست کے کئی حصوں میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک گر گیا ہے۔ بھوپال میں نومبر کی سب سے سرد رات درج کی گئی، وہیں اندور، راجگڑھ سمیت کئی شہروں میں پارہ معمول سے کافی نیچے گر گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے کے تقریباً نصف حصّے میں آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے سرد لہر اور شدید سرد لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بھوپال میں نومبر کی رات کا کم از کم درجہ حرارت ٹوٹ گیا ہے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں پارہ 5.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ہی رات میں 1.2 ڈگری کی کمی آئی۔ اس سے پہلے 1941 میں 6.1 ڈگری درجہ حرارت رہا تھا۔ فی الحال ریاست میں موسم صاف ہے، اس وجہ سے شمالی ہواوں کا اثر زیادہ رہے گا۔ 22 نومبر سے ملک کی جنوب مشرقی خلیج میں لو پریشر ایریا سرگرم ہو رہا ہے۔ اس سے پہلے ریاست میں آئندہ 2 دن تک سرد لہر کا الرٹ ہے۔
اندور میں کلکٹر شیوم ورما نے 18 نومبر سے اسکولوں کا وقت صبح 9 بجے سے کرنے کے احکام جاری کیے ہیں۔ بھوپال میں بھی ضلع تعلیمی افسر نے تمام اسکولوں میں نرسری سے لے کر آٹھویں تک کی کلاسیں صبح 8.30 بجے سے پہلے نہ لگانے کی ہدایات دی ہیں۔ گوالیار، دیواس، جھابوا، چھندواڑہ، ساگر، شہڈول اور کھنڈوا میں بھی اسکولوں کے اوقات میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔
اتوار اور پیر کی درمیانی رات اندور میں پارہ 7.2 ڈگری، راجگڑھ میں 5 ڈگری، گوالیار میں 9.8 ڈگری، اجین میں 9.6 ڈگری اور جبلپور میں 9.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اسی طرح امریا میں 7 ڈگری، چھترپور کے نوگاوں میں 7.3 ڈگری، بیتول میں 8.2 ڈگری، ریوا میں 8.3 ڈگری، بالاگھاٹ کے ملاجکھنڈ میں 8.4 ڈگری، شیوپوری اور دھار میں 9 ڈگری، منڈلا اور کھجوراہو میں 9.4 ڈگری، چھندواڑہ میں 9.6 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔ دموہ اور کھنڈوا میں 10 ڈگری، ساگر، گنا اور سیونی میں 10.2 ڈگری، رتلام، شیوپور اور کھرگون میں 10.6 ڈگری، دتیا میں 10.7 ڈگری، ٹیکم گڑھ میں 10.8 ڈگری، نرسنگھ پور اور ستنا میں 11 ڈگری درجہ حرارت رہا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ صوبے میں رات کا پارہ مسلسل 12 ڈگری سیلسیس سے کم چل رہا ہے۔
ادھر، دن میں بالاگااٹ کا ملاجکھنڈ، سیونی، سیدھی اور پچمڑھی سب سے زیادہ سرد رہے۔ پیر کو ملاجکھنڈ میں 22.8 ڈگری، سیونی میں 24.4 ڈگری، سیدھی میں 24.6 ڈگری اور پچمڑھی میں پارہ 24.8 ڈگری سیلسیس رہا۔ بھوپال میں 25.4 ڈگری، اندور میں 26.1 ڈگری، گوالیار میں 27.5 ڈگری، اجین میں 28 ڈگری اور جبلپور میں 25.5 ڈگری پارہ ریکارڈ ہوا۔ بیتول، نرسنگھ پور، نوگاوں اور ریوا میں بھی پارہ 26 ڈگری سے کم ہی رہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن