
نیویارک،18نومبر(ہ س)۔سلامتی کونسل میں امریکا کی غزہ امن قرارداد پر چین اور روس نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ فلسطینی عوام کا ہے، کسی اور کا نہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں صدر ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ منصوبے کی حمایت میں قرارداد منظور کرلی گئی ہے، قرارداد کے حق میں پاکستان سمیت 13 ممالک نے ووٹ دیا جبکہ روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے چین اور روس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کا کردار، شفافیت اور استحکام فورس کے اختیارات سے متعلق اہم نکات واضح نہیں۔چینی سفیر فو کونگ نے کہا کہ قرار داد فلسطینی حکمرانی کے اصولوں کی عکاسی نہیں کرتی اور امریکا نے انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس اور بورڈ آف پیس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔روسی مندوب کے مطابق یہ منصوبہ فلسطینیوں کو عمل سے باہر رکھتا ہے اور غزہ و مغربی کنارے کی مزید تقسیم کا خطرہ پیدا کرتا ہے۔دوسری جانب برطانیہ، فرانس، جنوبی کوریا اور سلووینیا نے اس منصوبے کی تائید کی ہے جبکہ ڈنمارک نے زور دیا کہ غزہ اور مغربی کنارے کو متحد رکھنا ضروری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan