
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ راجستھان رائلز نے سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کو 2026 انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سیزن کے لیے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
سنگاکارا اس سے قبل 2021 سے 2024 تک ہیڈ کوچ تھے۔ گزشتہ سیزن (آئی پی ایل 2025) میں انہیں ترقی دے کر ڈائریکٹر آف کرکٹ کے عہدے پر فائز کیا گیا تھا، جب کہ راہل دریوڈ ٹیم کے کوچ تھے۔
فرنچائز نے پیر کو اپنے کوچنگ اسٹاف میں کئی تبدیلیوں کا بھی اعلان کیا۔ فرنچائز کے مطابق وکرم راٹھور کو لیڈ اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ ٹریور پینی اور سڈ لاہری بالترتیب اسسٹنٹ کوچ اور پرفارمنس کوچ کے طور پر ٹیم کے ساتھ رہیں گے، جبکہ شین بونڈ فاسٹ بولنگ کوچ کے طور پر برقرار رہیں گے۔
راجستھان نے بھی کھلاڑیوں کے محاذ پر ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ ٹیم نے اپنے دیرینہ کپتان سنجو سیمسن کے ساتھ ٹریڈ کی ہے اور رویندر جڈیجہ اور سیم کرن کو چنئی سپر کنگز سے حاصل کیا ہے، جو سیزن سے پہلے سب سے زیادہ زیر بحث تبدیلیوں میں سے ایک سمجھا جارہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی