
تیرانہ (البانیہ)، 17 نومبر (ہ س)۔
انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان ہیری کین نے آخری لمحات میں دو گول کر کے اپنی ٹیم کو البانیہ کے خلاف 2-0 سے فتح دلائی، اس کے ساتھ ہی فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر مہم کا اختتام ایک تاریخی پرفیکٹ ریکارڈ کے ساتھ ہوا۔
میچ کافی دیر تک بے گول رہا اور ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ پہلی بار پوائنٹس کھو سکتا ہے۔ لیکن 74ویں منٹ میں البانیہ کے دفاع میں ایک کارنر چھوٹ گیا اور کین نے گیند کو قریب سے جال میں پہنچا دیا۔ آٹھ منٹ بعد، کین نے مارکس راشفورڈ کے لانگ کراس سے درست ہیڈر کے ذریعے اپنی برتری کو 2-0 کر دیا۔
اس فتح کے ساتھ، انگلینڈٹیم یورپ کی پہلی ایسی ٹیم بن گئی جس نے چھ یا اس سے زیادہ میچ والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ گروپ میں تمام مقابلے جیت کر اور ایک بھی گول کھائے بغیر کوالیفائی کیا ہو۔انگلینڈ نے گروپ کے کے اپنے تمام آٹھ میچ جیت کر کل 24 پوائنٹس حاصل کیے۔
میچ کے بعد ہیری کین نے کہا، یہ واقعی ایک مشکل کھیل تھا، شاید اس گروپ میں سب سے مشکل۔ ہمیں صبر سے کام لینا تھا اور مضبوط دفاع کرنا تھا۔ 2-0 سے جیت اور ایک اور کلین شیٹ- ہم بہت خوش ہیں۔ ہم ہار کے ساتھ اختتام نہیں کرنا چاہتے تھے۔
کوچ تھامس ٹچیل نے پہلے سے ہی کوالیفکیشن یقینی ہونے کے سبب ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی تھیں۔ البانیہ نے سخت مقابلہ کیا لیکن کپتان کین کے دو گول نے انگلینڈ کی فتح کو یقینی بنا دیا۔ کین اب انگلینڈ کے لیے 112 میچوں میں 78 بین الاقوامی گول کر چکے ہیں۔البانیہ اب پلے آف کے ذریعے کوالیفائی کرنے کی کوشش کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ