
واشنگٹن، 16 نومبر (ہ س)۔ شمالی کیرولینا ریاست کے میکلنبرگ کاونٹی کے شہر چارلوٹ میں وفاقی امیگریشن ایجنٹوں نے ہفتے کے روز کارروائی شروع کی ہے۔ امریکہ کے ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی (ڈی ایچ ایس) نے کہا کہ چارلوٹ میں غیر قانونی طور پر رہنے والے تارکین وطن کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے۔ اسے باضابطہ طور پر ’’چارلوٹس ویب‘‘ نام دیا گیا ہے۔ اس شہر کو شارلوٹ بھی کہا جاتا ہے۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کی بنیادی ذمہ داری دہشت گردی، سرحدی تحفظ، امیگریشن اور سائبر سمیت مختلف خطرات سے ملک کو محفوظ رکھنا ہے۔ یہ مہم صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی غیر قانونی امیگریشن کے خلاف جاری سخت کارروائی کا نیا ہدف ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی نے کہا کہ شارلوٹ کو غیر قانونی طور پر رہنے والے تارکین وطن سے خالی کرایا جائے گا۔ اس مہم کی تیاری گزشتہ ہفتے شروع کی گئی تھی۔
ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کی ترجمان ٹریشیا میکلاگلن نے کہا کہ اس مہم کا مقصد امریکی شہریوں کو حفاظتی حصار فراہم کرنا ہے۔ ان لوگوں سے عوامی سیکورٹی کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پر پوسٹ کردہ ویڈیوز میں بارڈر پیٹرول ایجنٹس کو چارلوٹ علاقے میں غیر قانونی طور پر رہنے والے تارکین وطن کو گرفتار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس مہم میں بکتربند گاڑیاں اور خصوصی آپریشن دستے بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ کی اس کارروائی کی چارلوٹ کے میئر وی لائلز اور شمالی کیرولینا کے ڈیموکریٹک حکام نے سخت تنقید کی ہے۔ لائلز نے دیگر مقامی رہنماوں کے ساتھ مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ مہم ’’غیر ضروری خوف اور بے یقینی پیدا کر رہی ہے۔‘‘ چارلوٹ، وسطی-جنوبی شمالی کیرولینا کے پیڈمونٹ خطے میں کیٹاوبا ندی کے بالکل مشرق میں واقع ہے۔ یہ شمالی کیرولینا کا سب سے بڑا اور امریکہ کا 14واں بڑا شہر ہے۔ چارلوٹ میں کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہ مہم نیو اورلینز میں شروع ہو سکتی ہے۔ محکمہ یہاں 200 ایجنٹس بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن