
بارہ بنکی، 13 نومبر (ہ س)۔ اترپردیش کے بارہ بنکی کے ٹکیت نگر تھانہ علاقہ میں پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں جمعرات کی دوپہر ایک زور دار دھماکے میں دو افراد کی موت ہو گئی۔ تین دیگر زخمی ہو گئے ، جنہیںاسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکار ملبہ ہٹا نے میں مصروف ہیں۔
پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کردیا اور تحقیقات کے لیے فارنسک ٹیم کو طلب کیاگیا ۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی زبردست دھماکے کے بعد بھی پٹاخے پھٹتے رہے۔ دھماکے سے گردونواح میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد فیکٹری سے اٹھنے والا دھواں دور سے دکھائی دے رہا تھا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ارپت وجے ورگیہ نے بتایا کہ فیکٹری کے پاس پٹاخے بنانے کا لائسنس تھا، لیکن ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اندرکچھ اس طرح کی سرگرمی چل رہی تھی جس کی وجہ سے دھماکہ ہوا۔ فی الحال ملبہ ہٹانے اور اندر پھنسے افراد کی تلاش کی کوششیں جاری ہیں۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد