
بھوپال میں جمعہ سے شروع ہوگا 78واں عالمی تبلیغی اجتماع، پہلی بار کیو آر کوڈ کا انتظام کیا گیا
بھوپال، 13 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال کے اینٹ کھیڑی علاقے کے گھاسی پورہ میں 78واں عالمی تبلیغی اجتماع جمعہ 14 نومبر سے شروع ہو رہا ہے۔ دنیا کے اس سب سے بڑے مذہبی اجتماع میں اس بار تکنیک اور روایت کا ایک انوکھا امتزاج دیکھنے کو ملے گا۔ اجتماع میں پہلی بار کیو آر کوڈ پر مبنی نظام نافذ کیا گیا ہے۔ اس سے نہ صرف رضاکاروں کو اپنی ذمہ داریاں سمجھنے میں آسانی ہوگی بلکہ اجتماع کے مقام سے متعلق تمام معلومات بھی ڈیجیٹل طور پر دستیاب رہیں گی۔
اجتماع کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر عمر حفیظ نے جمعرات کو بتایا کہ یہ چار روزہ تبلیغی اجتماع جمعہ کی فجر کی نماز کے ساتھ شروع ہوگا اور 17 نومبر کو اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ بھوپال میں پہلا باقاعدہ اجتماع 1947 میں منعقد ہوا تھا۔ کورونا کے دور میں سال 2020 میں یہ اجتماع نہیں ہو سکا تھا، اس لیے 79 سال میں یہ 78واں اجتماع ہے۔ اس میں پورے ہندوستان سے آنے والی جماعتیں اور بیرونِ ممالک سے انفرادی طور پر آنے والے مسلمان شہری بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ دعا کے آخری دن تقریباً 12 لاکھ جماعتیوں کی آمد کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ بیرونِ ملک سے آنے والے شرکا کی پہلے پولیس کے ذریعے تصدیق کی جاتی ہے، اس کے بعد ہی انہیں اجتماع میں شامل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔
ڈاکٹر حفیظ نے بتایا کہ اس سال اجتماع کے مقام پر تیس ہزار سے زائد رضاکاروں کو خصوصی کیو آر کوڈ والے شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں، جن میں میونسپل کارپوریشن کے پانچ ہزار اہلکار اور پچیس ہزار رضاکار شامل ہیں۔ یہ رضاکار ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ اور اجتماع گاہ جانے والے اہم راستوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کارڈ کو اسکین کرتے ہی موبائل پر پورے اجتماع کے احاطے کا ڈیجیٹل نقشہ کھل جائے گا، جس میں یہ معلومات ہوں گی کہ کون سی جماعت کس علاقے میں ٹھہری ہے، کہاں ضروری سامان، پانی یا طبی سہولت دستیاب ہے، صفائی یا سیکورٹی سے متعلق ٹیمیں کن مقامات پر موجود ہیں۔ یہ نظام ہجوم کے نظم و نسق میں اہم کردار ادا کرے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امداد پہنچانے میں وقت کی بچت ہوگی۔ اس سہولت سے لوگوں کو پریشانی سے نجات ملے گی اور انہیں درست معلومات بروقت حاصل ہوں گی۔
اس بار کا اجتماع ’’زیرو ویسٹ‘‘ تھیم پر مبنی ہے۔ ترجمان ڈاکٹر حفیظ کے مطابق پلاسٹک اور ڈسپوزیبل اشیاء پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن اور گرام پنچایتوں کے تعاون سے پورے اجتماع کو ’’گرین اینڈ کلین اجتماع‘‘ بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ کچرا نظم و نسق کے ماہر سید امتیاز علی نے بتایا کہ اس بار پیدا ہونے والے کچرے کی مقدار کو 180 میٹرک ٹن سے گھٹا کر 120 میٹرک ٹن تک محدود رکھنے کا ہدف ہے۔ اس مذہبی اجتماع میں پہلی بار اجتماع گاہ کے اطراف کی آٹھ گرام پنچایتیں صفائی سمیت دیگر انتظامات میں تعاون کر رہی ہیں۔ دوسری جانب وضو میں روزانہ خرچ ہونے والے 90 لاکھ لیٹر پانی کو کم کرنے کی سمت میں بھی ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بایومیڈیکل ویسٹ اور گندے پانی کا ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ کی جائے گی۔
بھوپال سے تقریباً 20 کلو میٹر دور واقع اینٹ کھیڑی کے گاوں گھاسی پورہ میں 14 سے 17 نومبر تک ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے دوران شہر میں ٹریفک نظام متاثر رہے گا۔ لاکھوں جماعتیوں کی آمد کے پیش نظر بھوپال ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کیا ہے۔ اجتماع کے آخری دن 17 نومبر کی صبح دعا کی نماز کے وقت پرانے شہر سے اجتماع گاہ کی طرف جانے والے راستوں پر زبردست بھیڑ اور ٹریفک جام کی صورتحال رہنے کا امکان ہے۔ چار دنوں تک صبح 6 بجے سے ہی پرانے بھوپال کے مبارک پور سے پٹیل نگر نیا بائی پاس، گاندھی نگر سے ایودھیا نگر بائی پاس، رتنا گیری، لامبا کھیڑا سے کروند، بھوپال ٹاکیز، پیر گیٹ، موتی مسجد، رائل مارکیٹ، لال گھاٹی، نادرا بس اسٹینڈ، بھارت ٹاکیز، پلبوگدا وغیرہ علاقوں میں ٹریفک کا بھاری دباؤ رہے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان راستوں سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
بھوپال سے ایئرپورٹ جانے والی گاڑیاں وی آئی پی روڈ، لال گھاٹی کے راستے ایئرپورٹ تک آ جا سکیں گی۔ بھوپال شہر سے مرکزی ریلوے اسٹیشن کی جانب جانے والی گاڑیاں روشن پورہ، لنک روڈ نمبر دو، بورڈ آفس، چیتک برج سے پربھات چوراہہ، 80 فٹ روڈ کے راستے پلیٹ فارم نمبر ایک تک پہنچ سکیں گی۔ ساگر، چھتر پور، دموہ، رائسین، ہوشنگ آباد، جبل پور، چھندواڑہ اور بیتول کی سمت سے آنے والی بسیں 11 میل، مسرود، آر آر ایل چوراہہ، حبیب گنج ناکہ، سانچی دودھ فیڈریشن ہوتے ہوئے آئی ایس بی ٹی بس اسٹینڈ تک جا سکیں گی۔ ودیشا سے آنے والی بسیں سوکھی سیونیا، چوپڑا بائی پاس سے بھانپور چوراہہ، بھانپور روٹری تک آئیں گی۔ جبکہ بیرسیا سے آنے والی بسیں گول کھیڑی سے تارا سیونیا، پرولیا، مبارک پور بائی پاس، کھجوری بائی پاس سے ہوتی ہوئی بیراگڑھ حلالپور بس اسٹینڈ پر ختم ہوں گی۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک کے ضوابط کی پابندی کریں اور نظام انتظام برقرار رکھنے میں تعاون دیں۔ کسی بھی پریشانی یا ہنگامی حالت میں ٹریفک کنٹرول روم 0755-2677340، 2443850 یا ٹریفک ہیلپ لائن 7587602055 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن