
نئی دہلی،13نومبر (ہ س )۔
قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان کے صدر دفتر میں آج ’سائبر ہائجین اینڈ سائبر کرائم اویئرنیس‘ پر خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر ایم۔ این۔ ہدی نے اپنے لیکچر میں اس اہم موضوع پر نہایت معلوماتی اور مفید گفتگو کی۔مہمان مقرر کا استقبال کرتے ہوئے قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے کہا کہ سائبر فراڈ سے بچنا آج کے ڈیجیٹل دور میں بے حد ضروری ہے۔ ہم سب چونکہ ڈیجیٹل دنیا میں زندگی گزار رہے ہیں، اس لیے سائبر کرائم اویئرنیس ہی ہمیں ممکنہ خطرات اور پریشانیوں سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔ پروفیسر ایم۔ این۔ ہدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم ایسے عہد میں جی رہے ہیں، جس میں بعض جرائم ہماری آنکھوں کے سامنے ہوتے ہیں اور بعض پوشیدہ طور پر انجام پاتے ہیں، جن میں سائبر فراڈ بھی شامل ہے۔ لیکچر میں انھوں نے ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رہنے کے طریقوں، ٹیکنالوجی کے درست استعمال اور عمومی طور پر کی جانے والی غلطیوں سے بچا و پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انھوں نے زور دیا کہ سائبر فراڈ سے بچنے کے لیے ہمیں اپنے طرزِ زندگی میں تبدیلی لانے اور ڈیجیٹل شعور کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
پروگرام کے اختتام پر جناب شاہ نواز خرم (ریسرچ آفیسر) نے شکریے کے کلمات ادا کیے۔ اس موقعے پر قومی اردو کونسل کا پورا عملہ موجود تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ