
جے این ایم سی، اے ایم یو میں پہلی مرتبہ ڈی این بی پیڈیاٹرکس کا فائنل عملی امتحان منعقد
علی گڑھ، 13 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ اطفال (پیڈیاٹرکس) میں پہلی مرتبہ ڈپلومیٹ آف نیشنل بورڈ (ڈی این بی) کے فائنل عملی امتحانات منعقد کیے گئے۔ یہ امتحانات نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشنز اِن میڈیکل سائنسز کے تحت منعقد ہوئے، جو ملک میں پوسٹ گریجویٹ اور پوسٹ ڈاکٹریٹ طبی تعلیم کے معیار کی نگرانی کرتا ہے۔
این بی ای ایم ایس ملک میں متعدد شعبوں میں ڈی این بی، ڈاکٹر ڈی این بی اورایف این بی کی ڈگریاں عطا کرتا ہے۔ جے این ایم سی میں منعقدہ پیڈیاٹرکس امتحان میں اوبزروڈ اسٹرکچرڈ کلینیکل ایگزامینیشن (او ایس سی ای)، کلینیکل کیسز، وائیوا (زبانی امتحان) اور وارڈ راؤنڈ شامل تھے۔ او ایس سی ای کو این بی ای ایم ایس کمانڈ سینٹر سے محفوظ ویڈیو پلیٹ فارم کے ذریعے تمام مراکز پر بیک وقت ورچوئل انداز میں منعقد کیا گیا، جس کے تحت طلبہ کی طبی معلومات، تشخیصی صلاحیت، بنیادی مہارتوں، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور فیصلہ سازی کا جائزہ لیا گیا۔
امتحان کا جائزہ چار ممتحنین پر مشتمل ٹیم نے لیا، جن میں پروفیسر زیبا ذکاء الرّب ایگزامینر کوآرڈینیٹر کے طور پر شامل تھیں، جبکہ ڈاکٹر گلنار نادری نے نان ایگزامینر کوآرڈینیٹر کی حیثیت سے امتحانات کے دوران انتظامی امور کو کامیابی سے سنبھالا۔
کئی برسوں بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جے این ایم سی میں این بی ای ایم ایس کا ڈی این بی پیڈیاٹرکس کا عملی امتحان منعقد ہوا۔ اس سے قبل اے ایم یو میں ڈی این بی کا عملی امتحان ریڈیو ڈائیگنوسس شعبہ میں پروفیسر محمد خالد کی صدارت کے دوران اور اس سے کئی دہائیوں قبل شعبہ سرجری میں مرحوم پروفیسر نسیم انصاری کے دور میں منعقد ہوچکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ