
نئی دہلی ،13نومبر (ہ س )۔
شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنک سوسائٹی نے 10 نومبر کو لال قلعہ پر ہوئے دھماکے پر اپنے دکھ اور غصے کا اظہار کرنے کے لیے اپنے دفتر میں امن و امان کے لیے ایک اجلاس کا انعقاد کیا، جہاں تمام اراکین نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ حرکت معصوموں کے ساتھ ساتھ ہندوستان کی یکجہتی اور سالمیت پر بھی ایک بہت بڑا حملہ ہے۔ دکھ اور کرب کی اس گھڑی میں، 140 کروڑ ہندوستانی ایک ساتھ اس حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک تمام مسلمان اپنے رب سے یہ دعا کرتے ہیں کہ جنہوں نے بھی یہ حرکت کی ہے یا جو اس کے ذمہ دار ہیں، اللہ ان کو نست و نابود کر دے اور ہمارے ملک میں امن و امان قائم کرے۔
ادارے کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد فہیم بیگ نے کہا کہ معصوموں کا خون بہانے والے صرف درندے ہی ہوتے ہیں اور اس وقت ہم سب کو بڑے ہی فہم و فراست اور صبر سے کام لینا ہوگا کیونکہ دشمنوں کی سازش ہے کہ ملک کا ماحول خراب کیا جائے اور ملک کی ترقی کو روکا جائے۔ اس لیے ہم سیاسی لوگوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس وقت اپنی سیاسی لالچ کو چھوڑ کر ملک کی حفاظت، اتحاد اور سالمیت کے لیے متحد ہوں اور ملک کے لیے 140 کروڑ ہندوستانیوں کو ایک جٹ کرنے کا کام کریں، نہ کہ مذہب اور ذات کے نام پر لوگوں کو بہکانے کی سازش رچیں۔
حاجی شفیق سیفی، محمد صابر، آصف انصاری، سلیم، عرفان بیگ، فاضل خان، محمد شاہد، دانش انصاری، آصف ادریسی، وثیق قریشی وغیرہ نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے دہشت گردانہ سرگرمیوں پر سخت لگام لگانے کی گزارش کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais