
رانچی، 13 نومبر (ہ س)۔ جھارکھنڈ کے آٹھ اضلاع کے کچھ حصوں میں 15 نومبر تک سردی کی لہر جاری رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس کے متعلق ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کو یہ اطلاع جاری کی۔
ریاست کے جن اضلاع میں محکمہ نے سردی کی لہر کا امکان ظاہر کیا ہے، ان میں جھارکھنڈ کے مغربی اضلاع پلامو، گڑھوا، لاتیہار اور چترا کے علاوہ ملحقہ وسطی اضلاع رانچی، گملا، لاتیہار اور سمڈیگا شامل ہیں۔
ان دنوں دارالحکومت رانچی سمیت پوری ریاست جھارکھنڈ شدید سردی کی زد میں ہے۔ سردی کی وجہ سے شام ڈھلتے ہی سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد معمول سے کم نظر آ رہی ہے۔ شدید سردی نے لوگوں کے روزمرہ کے معمولات کو بھی متاثر کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت چائباسا میں 30.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ کھونٹی میں سب سے کم 8.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جمعرات کو رانچی اور آس پاس کے علاقوں میں دن بھر موسم صاف رہا، صبح کے وقت شدید سردی محسوس کی گئی۔رانچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.2 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری، جمشید پور میں 29 اور 12.6، ڈالٹن گنج میں 28.8 اور 10.1، بوکارو میں 26.1 اور 11.5 اور چائباسا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30.14 ڈگری جبکہ کم از کم درجی حرارت 13ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد