
جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کی ووٹوں کی گنتی کی تمام تیاریاں مکمل، جمعہ کو ہوگا فیصلہحیدرآباد، 13 نومبر (ہ س)۔ حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یوسف گوڑہ میں واقع کوٹلہ وجیا بھاسکرریڈی اسٹیڈیم میں جمعہ کی صبح آٹھ بجے سے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگا۔ انتخابی عہدیداروں کے مطابق 42 میزوں پر دس مرحلوں میں گنتی مکمل کی جائے گی۔ چیف الیکٹورل آفیسر سی سدھارتھن ریڈی نے بتایاکہ 48.49 فیصد رائے دہندگان نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ کل ایک لاکھ چورانوے ہزار چھ سو اکتیس ووٹ پول ہوئے جن میں 99,771 مرد، 94,855 خواتین اور پانچ دیگر ووٹر شامل ہیں۔ ڈاک کے ذریعے 101 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 103 معمر اور معذور ووٹروں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ دیا۔ یہ ضمنی انتخاب بی آرایس کے رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ کے انتقال کے باعث کرایا جا رہا ہے۔ بی آرایس نے ان کی اہلیہ ماگنٹی سنیتا کو امیدوار نامزد کیا ہے جو براہِ راست کانگریس کے نوین یادو کے خلاف میدان میں ہیں، جب کہ بی جے پی نے لنکالا دیپک ریڈی کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ ایگزٹ پولز کے مطابق کانگریس کو 46 سے 48 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے جبکہ بی آر ایس 41 سے 42 فیصد تک محدود رہ سکتی ہے اور بی جے پی کو 6 سے 8 فیصد ووٹ ملنے کا تخمینہ ہے۔ تلنگانہ کانگریس کے صدر مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء کویقین ہے کہ پارٹی 30 سے 50 ہزارووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کرے گی، جبکہ بی آرایس نے حکمران جماعت پر بےضابطگیوں کے الزامات لگاتے ہوئے نشست برقرار رکھنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر این رامچندر راؤ نے بھی اپنی پارٹی کی کامیابی پر اعتماد ظاہر کیا۔ یاد رہے کہ 2023 کے انتخابات میں بی آرایس کے مگنتی گوپی ناتھ نے کانگریس کے محمد اظہرالدین کو16,337 ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ اس وقت گوپی ناتھ کو 80,549 ووٹ، اظہر الدین کو 64,212 ووٹ اور بی جے پی کے دیپک ریڈی کو 25,866 ووٹ حاصل ہوئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق