
جموں،11 نومبر (ہ س)۔
آل جموں و کشمیر پنچایت سکریٹریز ایسوسی ایشن (جموں صوبہ) نے ایس ڈی پی او گاندھی نگر کی جانب سے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) نگروٹہ اور ایک پنچایت سکریٹری پر مبینہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سرکاری افسران کی حرمت اور انتظامی وقار پر حملہ قرار دیا ہے۔ایسوسی ایشن نے اس واقعے کے خلاف بطور احتجاج جموں صوبے کے تمام اضلاع میں دو روزہ قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ہڑتال کے دوران پنچایت سکریٹریز سرکاری فرائض انجام نہیں دیں گے تاکہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ یکجہتی اور اس ناانصافی کے خلاف احتجاج کا اظہار کیا جا سکے۔
بیان میں ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ڈی پی او گاندھی نگر کو فوری طور پر معطل کیا جائے، اُن کے خلاف باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جائے اور بی ڈی او نگروٹہ کے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کی جائے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ اپنے فرائض منصبی انجام دینے والے افسران کی عزت، وقار اور تحفظ کو یقینی بنانا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر مطالبات کو فوری طور پر پورا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ نگروٹہ اسمبلی حلقہ میں انتخابی ڈیوٹی پر تعینات پنچایت سکریٹریز اپنی ذمہ داریاں بلا تعطل انجام دیتے رہیں گے تاکہ انتخابی عمل متاثر نہ ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر