
نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ دہلی ہائی کورٹ نے ایک عبوری حکم جاری کرتے ہوئے فلم اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ جیا بچن کی تصاویر یا ان کی شخصیت سے متعلق کسی بھی معلومات کو بغیر اجازت کے استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔ تاہم، جسٹس منمیت پریتم اروڑہ کی سربراہی والی بنچ نے سینما کے پوسٹروں میں جیا بچن کی تصاویر کے استعمال پر پابندی لگانے کا عبوری حکم پاس کرنے سے انکار کردیا۔
حال ہی میں ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ کئی اہم شخصیات کی تصاویر اور ذاتی معلومات کے بغیر اجازت کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ عدالت نے یہ بھی حکم دیا کہ صحافی سدھیر چودھری، آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن کے بانی سری سری روی شنکر، تیلگو اداکار ناگارجنا، اداکارہ ایشوریہ رائے بچن، ابھیشیک بچن اور فلم پروڈیوسر کرن جوہر سے متعلق ذاتی معلومات کے بغیر اجازت کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔
ہائی کورٹ نے ابھیشیک بچن کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی شخص کی شخصیت سے متعلق کسی بھی علامت کا استعمال اس کے پرائیویسی کے حق کی خلاف ورزی ہے اور اس کے وقار کے ساتھ جینے کا حق بھی متاثر ہوتا ہے۔ ہائی کورٹ نے متعلقہ یو آر ایل (ویب لنکس) کو ہٹانے کی ہدایت دی تھی جو ابھیشیک بچن کی شخصیت سے متعلق کسی بھی چیز کو بغیر اجازت کے استعمال کر رہے تھے۔ عدالت نے کہا تھا کہ اے آئی اور ڈیپ فیک جیسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ان کے نام اور تصویر کا غلط استعمال کرکے نہ صرف مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے بلکہ ان کی ساکھ، وقار اور نیک نیتی کو بھی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی