
بھوپال، 10 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے ریوا ایئرپورٹ کی ترقی کے ساتھ وندھیا خطے کو ایک بڑی سوغات ملی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے پیر کو بھوپال میں واقع وزارت سے ریوا-دہلی-ریوا ہوائی سروس کا ورچوئل افتتاح کیا۔ انہوں نے ریوا ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے والے 72 سیٹر طیارے کو ہری جھنڈی دکھا کر نئی دہلی کے لیے روانہ کیا۔ اس موقع پر ریوا ایئرپورٹ پر منعقدہ افتتاحی تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ راجندر شکلا، ارکانِ پارلیمنٹ جناردن مشرا، گنیش سنگھ اور ڈاکٹر راجیش مشرا سمیت دیگر عوامی نمائندے، افسران اور شہری موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے پروگرام سے ورچوئلی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریوا-دہلی ہوائی سروس کے آغاز پر مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ یومِ تاسیس کے موقع پر تمام رسمی کارروائیاں مکمل ہو چکی تھیں اور آج طیارہ دہلی کے لیے اُڑان بھرنے کو تیار ہے۔ ریوا اب 24 گھنٹے کے ہوائی نیٹ ورک سے جڑ رہا ہے۔ وندھیا خطے میں پرانے زمانے میں بھی وزیر اعلیٰ رہے، مگر حالات کیسے تھے۔ میں اپنا تجربہ بتاتا ہوں کہ مجھے تو ریلوے کی سہولت بھی دستیاب نہیں تھی۔ ریوا تک پہنچنے کے لیے ستنا تک ٹرین سے جانا پڑتا تھا، لیکن اب ریوا کو ہوائی سروس اندور سے بھی مل رہی ہے اور دہلی سے بھی۔ اس ہوائی رابطے کی کئی وجوہات سے ضرورت تھی۔ ریاست کے اندر مالیاتی لین دین کے لیے یہ زبردست فائدہ مند ثابت ہوگا۔ ریوا سے دہلی جانے میں جہاں پہلے 15 گھنٹے لگتے تھے، اب صرف 120 منٹ لگیں گے۔ اب محض تین گھنٹے میں دہلی سے ریوا پہنچا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’اڑان‘‘ اسکیم کے ذریعے ہوائی اڈوں کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ ریوا، سیدھی، سنگرولی اور ستنا، اس پورے مائننگ سیکٹر میں ایک نیا باب جڑ رہا ہے۔ رن وے کو بڑا کرنے اور 24 گھنٹے ہوائی آمدورفت شروع کرنے کے لیے بجلی کی رفتار سے کام ہوا ہے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ریوا سے دہلی کے درمیان ہوائی سروس ہفتے میں تین دن چلے گی۔ الائنس ایئر ایوی ایشن کمپنی کی 72 سیٹر فلائٹ منگل، جمعرات اور ہفتہ کو چلے گی۔ دہلی سے فلائٹ نمبر 9I-675 شام 5.25 بجے روانہ ہو کر رات 8.00 بجے ریوا پہنچے گی۔ ریوا سے فلائٹ نمبر 9I-676 رات 8.25 بجے روانہ ہو کر رات 10.40 بجے دہلی ایئرپورٹ پہنچے گی۔
ریوا سے دہلی کے درمیان ہوائی سروس شروع ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے صوبے کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریوا ہوائی اڈے سے دہلی کے لیے پہلی کمرشیل ہوائی سروس کے آغاز پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ اپنے شاندار تاریخی، ثقافتی اور قدرتی ورثے کے لیے مشہور ریوا اب ہوائی رابطے کے ذریعے نئی بلندیوں کو چھونے جا رہا ہے۔ ریوا علاقے کے ساتھ ساتھ یہ پورے مدھیہ پردیش کے لیے انتہائی مسرت اور فخر کا لمحہ ہے۔ یہ نئی ہوائی سروس مکمل وندھیا خطے کی ہمہ جہت ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن