
میڈرڈ، 10 نومبر (ہ س)۔ لا لیگا کی سرفہرست ٹیم ریئل میڈرڈ کو اتوار کے روز ریو وییکانو نے زبردست مقابلے کے بعد 0-0 کے ڈرا پر روک دیا۔ اس نتیجے سے موجودہ چیمپئن بارسلونا کو پوائنٹس ٹیبل میں فرق کم کرنے کا موقع مل گیا ہے۔
ژابی الونسو کی ٹیم اب دوسرے نمبر پر موجود ویارئیل سے پانچ اور تیسرے نمبر کی بارسلونا سے چھ پوائنٹس آگے ہے۔ بارسلونا اب اپنے اگلے میچ میں سیلٹا ویگو کا سامنا کرے گی۔
مقامی ڈربی مقابلے میں ریو وییکانو نے شاندار مزاحمت دکھائی۔ اگرچہ ریئل میڈرڈ نے بہتر مواقع بنائے، لیکن ریو کی مضبوط دفاعی لائن نے کلیان ایمباپے، وینیسیئس جونیئر اور جوڈ بیلنگہم کی مؤثر جوڑی کو پوری طرح قابو میں رکھا۔
ریئل میڈرڈ حال ہی میں لیورپول کے خلاف چیمپئنز لیگ میں شکست کے بعد واپسی کی امید کر رہی تھی، لیکن اس ڈرا کے ساتھ الونسو کی ٹیم کو اس سیزن میں صرف دوسری بار پوائنٹس گنوانے پڑے۔
میچ کے ابتدائی لمحات میں ریو نے جارحانہ انداز اپنایا۔ آندرے راتیو نے گول کیپر تھیبو کورٹوا کو آغاز میں ہی آزمایا، جبکہ راؤل اسینسیو اور وینیسیئس نے قریب سے گول کے مواقع ضائع کیے۔
ریو کے گول کیپر آگسٹو بٹالا نے کئی اہم بچاؤ کیے، خاص طور پر وینیسیئس اور جوڈ بیلنگہم کے شاٹس پر۔ ایمباپے کو زیادہ تر وقت گیند سے دور رکھا گیا، اور ان کا اثر محدود رہا۔
دوسرے ہاف میں الونسو نے ایڈر میلیتاؤ کو میدان میں اتارا، جبکہ جارج دے فروتوس نے ریو کے لیے قریب سے گول کرنے کا موقع بنایا لیکن نشانہ چوک گئے۔
جوڈ بیلنگہم اور فیڈی والورڈے کے شاٹس کو بٹالا نے روک لیا۔ آخری لمحات میں اردا گولر کی کوشش کو بھی ریو کے دفاع نے ڈیفلیکٹ کر کے کارنر میں بدل دیا، جس سے میچ 0-0 پر ختم ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد