
جموں, 10 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 11 نومبر کو اسمبلی حلقہ بڈگام اور نگروٹہ کے ضمنی انتخابات کے موقع پر تنخواہ کے ساتھ عام تعطیل رہے گی۔یہ فیصلہ قانونِ نمائندگانِ عوام 1951 کی دفعہ 135 بی کے تحت کیا گیا ہے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق، پولنگ کے دن تمام سرکاری و نجی دفاتر، تجارتی و صنعتی ادارے اور دیگر کاروباری اداروں میں کام کرنے والے ایسے تمام ملازمین جو ان حلقوں کے ووٹر ہیں، تنخواہ کے ساتھ چھٹی کے حق دار ہوں گے۔ اس روز کی تعطیل کی بنیاد پر کسی بھی ملازم کی اجرت یا تنخواہ میں کٹوتی یا کمی نہیں کی جائے گی۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ جو بھی مالک یا آجر اس حکم کی خلاف ورزی کرے گا، اسے پانچ سو روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ تاہم، یہ ضابطہ ان افراد پر لاگو نہیں ہوگا جن کی غیر حاضری سے ان کے ادارے یا کاروبار کو شدید نقصان یا خطرہ لاحق ہو سکتا ہو۔
حکومت نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ یہ تعطیل قانونِ قابلِ انتقال دستاویزات کی دفعہ 25 کے تحت بھی تسلیم کی جائے گی، جس کے مطابق تمام سرکاری و نجی دفاتر جو ان حلقوں میں واقع ہیں، پولنگ کے دن بند رہیں گے۔یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ ووٹرز بلا کسی رکاوٹ کے اپنے جمہوری حقِ رائے دہی کا استعمال کر سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر