
اسلام آباد،10نومبر(ہ س)۔پاکستان کی نامور ماہرِ تعلیم، محقق اور ادیبہ پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا لاہور میں وفات پا گئی ہیں۔ڈاکٹر عارفہ عارفہ سیدہ نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے اردو اور امریکہ کی یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر رکھی تھی۔ وہ فارمن کرسچن کالج میں پروفیسر اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی پرنسپل رہ چکی تھیں۔ڈاکٹر عارفہ نے نہ صرف تدریس بلکہ سماجی اور ثقافتی شعبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن کی چیئرپرسن اور پنجاب کی نگران صوبائی وزیر بھی رہیں۔پاکستانی صدرِ آصف علی زرداری نے معروف ماہرِ تعلیم، دانشور اور ادیبہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدرِ مملکت نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انھوں نے کہا کہ مرحومہ نے اپنی پوری زندگی علم، تحقیق، تدریس اور خدمتِ انسانیت کے لیے وقف کر کے ایک روشن مثال قائم کی۔صدر زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی علمی خدمات اور قومی زبان کے فروغ کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انھوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور علمی برادری سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan