
جموں, 10 نومبر (ہ س)جموں و کشمیر کے معروف مذہبی مقام ویشنو دیوی میں ان دنوں عقیدت مندوں کی زبردست بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ خوشگوار موسم کے سبب یاترا مزید پُرسکون اور روحانی ماحول میں تبدیل ہو گئی ہے، جہاں یاتری عقیدت و جوش کے ساتھ درشن کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
عقیدت مندوں کے لیے ہیلی کاپٹر، بیٹری کار، روپ وے، گھوڑا، پٹھو اور پالکی جیسی تمام سہولیات بحسن و خوبی دستیاب ہیں، جن سے یاتری بآسانی اپنی یاترا مکمل کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق یاترا فی الحال مکمل طور پر ہموار اور بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق عام دنوں میں روزانہ 15 سے 20 ہزار عقیدت مند ماتا ویشنو دیوی کے درشن کے لیے پہنچ رہے ہیں، جب کہ جمعہ اور ہفتہ کے روز اس تعداد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ ریلوے محکمہ نے بھی یاتریوں کی سہولت کے لیے ٹرینوں کی تعداد بڑھانی شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ صرف 8 نومبر کو تقریباً 24 ہزار عقیدت مندوں نے یاترا مکمل کی، جب کہ اتوار دوپہر تک 13 ہزار سے زائد عقیدت مندوں نے رجسٹریشن کرا کے درشن کے لیے روانگی اختیار کی۔ یاتریوں کے مسلسل آنے سے کٹرا کے بازاروں میں بھی گہما گہمی بڑھ گئی ہے، جہاں یاتری پرساد اور یادگاری اشیاء خرید رہے ہیں۔
دوسری جانب شرائن بورڈ انتظامیہ، پولیس، سی آر پی ایف اور آفاتِ سماوی سے نمٹنے والے عملے کے اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے۔فی الحال یاترا پورے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے اور عقیدت مند ماں ویشنو دیوی کے درشن کا پُرسکون اور روح پرور تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر