غازی آباد، 8 اکتوبر (ہ س)۔ غازی آباد ضلع کے مسوری تھانہ علاقے میں میور وہار سکروڈا ریلوے کراسنگ کے قریب تین بدمعاشوں نے منگل کی رات دیر گئے 34 سالہ اسکوٹی سوار آصف کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ ڈاسنا اسپتال پہنچنے والے اہل خانہ نے نوجوان کی دوسری بیوی اور اس کے دوست پر قتل کا شبہ ظاہر کیا اور ان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا۔
اے سی پی (مسوری) لیپی ناگائیچ نے بتایا کہ آصف جو کہ ڈاسنا کے محلہ بڑا بازار میں رہتا تھا، زیر تعمیر مکانات کے لینٹر کاجال کو باندھنے کا کام کرتا تھا۔ منگل کی رات وہ اپنی اسکوٹی پر گھر لوٹ رہا تھا۔ جب وہ مسوری تھانہ علاقہ کے میور وہار میں سکروڈا ریلوے کراسنگ کے قریب پہنچا تو تین نوجوانوں نے آصف کے قریب پہنچ کر پستول سے گولی چلائی۔ ایک گولی آصف کے سر میں لگی اور باہر نکل گئی۔ دوسری گولی آصف کے کنپٹی اور منہ کے درمیان جالگی۔ گولی لگتے ہی آصف اسکوٹی سے لڑکھڑا کر گر گیا۔ جبکہ تینوں ملزمان پستول لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر مسوری پولیس اسٹیشن نے شدید زخمی آصف کو ڈاسنا کے سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اے سی پی ناگائیچ نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران گھر والوں نے بتایا کہ آصف کی دو بیویاں ہیں۔ ایک بیوی کی آصف سے شادی ہوئی تھی اور وہ اس کے ساتھ بڑا بازار ڈاسنا میں رہتی ہے۔ جبکہ آصف نے دوسری بیوی سے لو میرج کی اور اسے رفیق آباد تھانہ ویو سٹی کے علاقہ میں کرائے کے مکان میں رکھا۔ دوسری بیوی سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
پولیس کے مطابق آصف منشیات اسمگلنگ کے الزام میں مسوری اور دیگر کئی تھانوں سے جیل جا چکا تھا۔ ابھی ایک سال قبل مسوری پولیس اسٹیشن نے آصف کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں جیل بھیج دیا تھا۔ آصف کے خلاف مختلف تھانوں میں پانچ مقدمات درج ہیں۔ آصف سات ماہ قبل ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد