شنگھائی، 8 اکتوبر (ہ س)۔ نوواک جوکووچ نے تھکاوٹ اور ٹخنے کی چوٹ کے باوجود لڑنے کے زبردست جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے منگل کو اسپین کے جاومے منار کو 6-3، 5-7، 6-2 سے شکست دی اور شنگھائی ماسٹرز کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔
جیت کے ساتھ، 38 سالہ سربیائی ا سٹار نے ٹورنامنٹ میں ریکارڈ پانچواں خطاب جیتنے کی جانب اپنی پیش قدمی جاری رکھی، جبکہ کئی ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی پہلے ہی باہر ہو چکے ہیں۔فیصلہ کن سیٹ میں جوکووچ کچھ دیر کے لیے انتہائی تھکے ہوئے اور زخمی نظر آئے،جس سے لگا کہ وہ مقابلہ مکمل نہیں کر سکیںگے۔ تاہم، انہوں نے ہمت جمع کی اور تیسرے سیٹ میں اپنے حریف کی سروس کو دو بار توڑ تے ہوئے جیت کو یقینی بنایا۔
میچ کے بعد، جوکووچ نے چینی ہجوم سے کہا، ”تھینک یو، تھینک یو، آئی لو یو!“، اور تقریباً فوراً ہی کورٹ سے چلے گئے۔
24 بار کے گرینڈ سلیم فاتح نے شاندار شروعات کی تھی اور چوتھے گیم میں بریک حاصل کیا، لیکن جلد ہی انہیںمیڈیکل بریک لینا پڑا جب وہ نیٹ کی طرف بھاگتے ہوئے ان کا بایاں ٹخنہ پھسل گیا۔ فزیو سے علاج کروانے کے بعد انہوں نے میچ جاری رکھا اور پانچویں گیم ہولڈ کیا۔
انہوں نے دوسرے سیٹ کے دوران دوبارہ علاج کروایا اور تھکاوٹ کی واضح علامات نظر آئیں۔ 41ویں رینک والے منار نے دوسرے سیٹ کے 12ویں گیم میں جوکووچ کی غلطی کا فائدہ اٹھا کر سیٹ اپنے نام کر لیا۔
جوکووچ اس وقت کورٹ پر گر پڑے اور چند لمحے وہیں پڑے رہے، لیکن اپنی ٹیم کی مدد سے واپس اٹھے۔ انہوں نے تیسرے سیٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے پہلے اور ساتویں گیم میں بریک حاصل کیا اور شائقین کو مسحور کر دیا۔جوکووچ اب ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رینک والے کھلاڑی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد