نئی دہلی، 8 اکتوبر (ہ س)۔ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 10 اکتوبر سے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اس میچ سے قبل بھارت کے دو اسٹار بلے باز رویندر جڈیجہ اور کے ایل راہل ٹیسٹ کرکٹ میں 4000 رن مکمل کرنے کے قریب ہیں۔ بھارت کو سیریز میں پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے۔
رویندر جڈیجہ، جنہیں آخری احمد آباد ٹیسٹ میں بغیر آٓوٹ ہوئے شاندار 104 اور چار وکٹوں کے ساتھ پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا، فی الحال اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں۔ وہ اب تک 86 ٹیسٹ میچوں میں 3,990 رن بنا چکے ہیں اور اس سنگ میل تک پہنچنے کے لیے انہیں مزید 10 رن درکار ہیں۔ ان کی اوسط 38.73 ہے جس میں چھ سنچریاں اور 27 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس سال جڈیجہ نے سات ٹیسٹ میں 82.37 کی اوسط سے 659 رن بنائے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں انہوں نے 516 رن بنائے اور کئی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط کیا۔
اس دوران کے ایل راہل نے احمد آباد ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی، جو نو سال کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر ان کی پہلی سنچری تھی۔ وہ 4000 رن کے ہندسے تک پہنچنے سے صرف 111 رن دور ہیں۔ راہل نے اب تک 64 ٹیسٹ میں 36.00 کی اوسط سے 3,889 رن بنائے ہیں۔ ان کی 11 سنچریاں اور 19 نصف سنچریاں ہیں، جن میں سب سے زیادہ 199 سکور ہیں۔ راہل نے اس سال بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے سات میچوں میں 50 کے قریب اوسط کے ساتھ 649 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے 137 کے بہترین اسکور کے ساتھ تین سنچریاں اور دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 532 رن بنائے جو ان کے کیریئر کی بہترین ٹیسٹ کارکردگی ہے۔
10 اکتوبر سے شروع ہونے والے دہلی ٹیسٹ میں اب سب کی نظریں ان دو کھلاڑیوں پر ہوں گی، جو ایک ہی میچ میں 4000 رن کے تاریخی ہندسے کو چھو سکتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد