
بہار میں موسم نے بدلا مزاج، سمندری طوفان مونتھا کا اثر تیز، کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹپٹنہ، 31 اکتوبر (ہ س)۔ بہار میں موسم کا مزاج اچانک بدل گیا ہے۔ خلیج بنگال میں سرگرم سمندری طوفان ’مونتھا‘ کے اثرات اب ریاست میں تیزی سے دکھائی دینے لگا ہے۔ اس کو لیکر محکمہ موسمیات نے ریاست کے کئی اضلاع کے لیے بڑی وارننگ جاری کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بہار کے شمالی اور مشرقی حصوں میں موسلا دھاربارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔جمعرات کی رات سے ریاست کے کئی حصوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، سیوان، سیتامڑھی، مدھوبنی، دربھنگہ اور سپول میں شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ وہیں سارن، شیوہر، مظفر پور، ویشالی،سہرسہ، مدھے پورہ، ارول، جہان آباد، بکسر، کیمور، روہتاس اور اورنگ آباد اضلاع میں بھی 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔سیتامڑھی، مدھوبنی، سپول، ارریہ اور کشن گنج میں آج شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ پورنیہ، کٹیہار، سہرسہ، مدھے پورہ، دربھنگہ، سمستی پور، مظفر پور اور مشرقی چمپارن میں بھی شدید بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ مسلسل بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے ریاست کے بیشتر حصوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں، کھلی جگہوں یا درختوں کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سے فاصلہ برقرار رکھیں۔ ریاستی انتظامیہ نے بھی چوکسی بڑھا دی ہے۔ میونسپل کارپوریشنوں اورمحکمہ بجلی کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اضلاع میں راحت اور بچاؤ ٹیم کو تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں کو اپنی فصلوں اور مویشیوں کو محفوظ رکھنے کا مشورہ بھی دیا ہے کیونکہ تیز ہواؤں اور بارش سے کھیتوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ سمندری طوفان مونتھا کے اثر سے آئندہ دو دنوں تک بہار میں موسم خراب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan