

اورنگ آباد ، 31 اکتوبر(ہ س)۔ مردِ آہن
سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر قومی اتحاد کے دن کے تحت ایک
شاندار پد یاترا کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکت کرنے والوں نے ملکی یکجہتی کے عزم
کا اظہار کیا۔ دیگر پسماندہ طبقات و بہوجن بہبود اور غیر روایتی توانائی کے وزیر
اتل ساوے نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سردار پٹیل نے آزادی کے دوران اور اس
کے بعد متحدہ ہندوستان کی تعمیر میں انمول خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں
ہر حال میں اتحاد کے جذبے کو برقرار رکھنا ہوگا۔
یہ ایکتا
یاترا وزارتِ نوجوانان و کھیل حکومتِ ہند کے اہتمام میں ہوئی اور شاہ گنج کے سردار
پٹیل مجسمہ پر پہنچ کر ختم ہوئی، جہاں تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا
رکن ڈاکٹر بھاگوت کراڈ، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی، ضلع پریشد کے سی ای او انکت سمیت
متعدد سرکاری افسران و مہمان موجود تھے۔ عوامی نمائندوں اور سماجی شخصیات کے ساتھ
ملازمین اور رضاکاروں نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔
پد یاترا
کا آغاز صبح 7 بج کر 30 منٹ پر ضلع کلکٹر آفس سے ہوا۔ شرکاء نے راستے بھر ’’بھارت
ماتا کی جئے‘‘ اور ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل امر رہے‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے
شاہ گنج تک مارچ کیا اور مجسمے کو سلامی پیش کی۔ تقریب میں قومیت اور اتحاد کے عہد
کے ساتھ دیسی مصنوعات کے استعمال کا حلف بھی لیا گیا۔ ڈاکٹر بھاگوت کراڈ نے سردار
پٹیل کی قومی خدمات بیان کیں جبکہ وزیر اتل ساوے نے حاضرین سے اتحاد کو ہمیشہ مقدم
رکھنے کی تلقین کی۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے