
بھوپال، 31 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں موسم کا مزاج پوری طرح بدل گیا ہے۔ ایک ساتھ تین موسمی نظام فعال ہونے کے باعث صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ ان بدلتے حالات کی وجہ سے دن کے درجہ حرارت میں ریکارڈ کمی درج ہوئی ہے، جس سے اکتوبر کے آخری دنوں میں ہی سردی کا احساس ہونے لگا ہے۔ کئی شہروں میں دن کا درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس سے بھی نیچے پہنچ گیا ہے۔ جمعرات کو دتیا، گنا، نوگاوں اور ٹیکم گڑھ صوبے کے سب سے ٹھنڈے مقامات رہے، جب کہ جمعہ کو بھی اسی طرح کے موسم کے برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو دتیا میں سب سے زیادہ 1.5 انچ تک بارش درج کی گئی۔ جبلپور میں 1.25 انچ، ملاج کھنڈ میں 0.75 انچ، گنا میں نصف انچ سے زیادہ اور منڈلا میں نصف انچ بارش ریکارڈ ہوئی۔ دارالحکومت بھوپال میں دن بھر رم جھم پھواریں گرتی رہیں جس سے شہر کا درجہ حرارت بھی معمول سے نیچے چلا گیا۔
گوالیار، پچمڑھی، شیوپوری، رائسین، نرمدا پورم، ٹیکم گڑھ، نیواڑی، چھندواڑا، دموہ، کھجوراہو، نوگاوں، ریوا، ساگر، ستنا، سیونی، سیدھی، امریا سمیت کئی اضلاع میں مسلسل بارش ہوتی رہی۔ اس بارش نے جہاں موسم کو خوشگوار بنا دیا وہیں کسانوں کے لیے یہ آفت بن کر آئی۔ کھیتوں میں پانی بھر جانے سے فصلیں برباد ہو گئیں۔ کئی علاقوں میں دھان، سویابین اور سبزیوں کی فصلیں گر گئیں اور کئی جگہ یہ سڑنے لگی ہیں۔
صوبے کے پانچ بڑے شہروں میں بھوپال میں دن کا درجہ حرارت 24 ڈگری، اندور میں 23.2 ڈگری، اجین اور گوالیار میں 24 ڈگری جبکہ جبلپور میں 28.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ چھندواڑا، دموہ، منڈلا، ریوا، ساگر، ستنا، سیونی، امریا، بیتول، رائسین، رتلام، شیوپور اور شیوپوری میں بھی درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری نیچے رہا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جانکاری دی گئی ہے کہ فی الحال صوبے کے شمالی حصے میں ایک سائیکلونک سرکولیشن، ایک ڈپریشن اور ایک دیگر نظام فعال ہیں۔ ان تینوں کے مشترکہ اثر سے صوبے میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ ان نظاموں کی سرگرمی آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ وہیں محکمہ موسمیات نے جمعہ کے لیے بھی انتباہ جاری کیا ہے۔ جھابوا، علی راجپور، دھار، بڑوانی، کھرگون، برہانپور، ستنا، ریوا، مئوگنج، سیدھی اور سنگرولی اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھوپال، جبلپور، اندور اور گوالیار جیسے بڑے شہروں میں بادل چھائے رہیں گے اور وقفے وقفے سے بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن