
مارکیٹ کی کمزوری کی وجہ سے سرمایہ کاروں کو 2.04 لاکھ کروڑ کا نقصان ہوا
نئی دہلی، 31 اکتوبر (ہ س)۔
گھریلو سٹاک مارکیٹ کو آج مسلسل دوسرے روز شدید گراوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ آج کے کاروبار کا آغاز بھی معمولی سی کمزوری کے ساتھ ہواتھا۔ مارکیٹ کھلنے کے بعد، خریداری کے سپورٹ میں سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس نے تھوڑی دیر کے لیے رفتار حاصل کی، لیکن تھوڑی دیر بعد ہی ، بکوالی شروع ہو جانے کی وجہ سے بازار کی چال میں گراوٹ آ گئی ۔ اگرچہ خریداروں نے کئی خریداری کے ہنگاموں کے ساتھ مارکیٹ کو سہارا دینے کی کوشش کی، لیکن فروخت کا دباو¿ اتنا شدید تھا کہ اسٹاک مارکیٹ بحال نہ ہو سکی۔ دن کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.55 فیصد اور نفٹی 0.60 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔
دن کے کاروبار کے دوران، دھات، آئی ٹی، اور فارماسیوٹیکل سیکٹر کے اسٹاک میں زبردست فروخت ہوئی۔ اسی طرح بینکنگ، رئیلٹی، ایف ایم سی جی، آٹوموبائل، کنزیومر ڈیوربلز اور ٹیک انڈیکس بھی گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے۔ دوسری جانب دفاع، پبلک سیکٹر انٹرپرائزز، آئل اینڈ گیس اور کیپٹل گڈز اسٹاکس میں خریداری جاری رہی۔ وسیع مارکیٹ میں فروخت کا دباو¿ برقرار رہا، جس کی وجہ سے بی ایس ای مڈ کیپ انڈیکس 0.55 فیصد گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح، اسمال کیپ انڈیکس 0.40 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ آج کے کاروبار کا اختتام ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج کمزوری کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کاروں کی دولت میں 2 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج کی ٹریڈنگ کے بعد گھٹ کر 470.32 لاکھ کروڑ (عارضی) ہو گئی جبکہ پچھلے کاروباری دن یعنی جمعرات کو ان کا مارکیٹ کیپٹلائزیشن 472.36 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس طرح سرمایہ کاروں کو آج کے کاروبار سے تقریباً 2.04 لاکھ کروڑ کا نقصان ہوگیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ