
جموں, 31 اکتوبر (ہ س)۔
منشیات کے کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس کٹھوعہ نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے بدنامِ زمانہ منشیات فروش محمد اسلم ولد تیگ علی سکنہ مرہین، راجباغ اور اس کے قریبی رشتہ داروں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں، جن کی کل مالیت تقریباً 86 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ضبط شدہ جائیداد میں ایک دو منزلہ رہائشی مکان، ایک ٹریکٹر ٹرالی اور ایک مہندرا پک اَپ وہیکل شامل ہیں۔پولیس کی جانب سے کی گئی تفصیلی مالیاتی تحقیقات کے بعد معاملہ ایس ات ایف ای ایم اے کو بھیجا گیا تھا، جس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(ایف)(2) کے تحت ضبطی کی باضابطہ توثیق کر دی ہے۔
ملزم محمد اسلم ایک بین ریاستی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک میں سرگرم بتایا گیا ہے اور فی الوقت عدالتی تحویل میں ہے۔ اس کے خلاف متعدد مقدمات درج ہیں۔تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے منشیات کی غیر قانونی تجارت کے ذریعے اپنی قانونی آمدنی سے کہیں زیادہ جائیدادیں اکٹھی کی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر