
لاس اینجلس، 30 اکتوبر (ہ س) : انٹر میامی کے آٹھ بار کے بیلن ڈی’اور فاتح لیونل میسی اب بھی میجر لیگ ساکر (ایم ایل ایس) میں سب سے زیادہ تنخواہ پانے والے فٹبالر ہیں۔ لاس اینجلس ایف سی (ایل اے ایف سی) کے نئے اسٹار سون ہیونگ من دوسرے نمبر پر ہیں۔ یہ انکشاف بدھ کو جاری ہونے والی تازہ تنخواہوں کی فہرست میں ہوا۔ میسی کو انٹر میامی سے سالانہ 20.4 ملین ڈالر (تقریباً 170 کروڑ روپے) کی خطیر رقم ملتی ہے، جس میں ان کی اسپانسرشپ اور دیگر معاہدوں سے ہونے والی آمدنی شامل نہیں ہے۔
2023 کے وسط میں میامی سے وابستہ ہونے والے ارجنٹائنی اسٹار کا موجودہ معاہدہ دسمبر میں ختم ہوگا، جس کے بعد وہ اگلے سال سے تین سال کے نئے معاہدے کا آغاز کریں گے۔ اس توسیع کی مالی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
38 سالہ میسی کو حال ہی میں ریگولر سیزن کا ٹاپ اسکورر قرار دیا گیا، جہاں انہوں نے 28 میچوں میں 29 گول کیے۔ وہ اس بار بھی “مؤسٹ ویلیوایبل پلیئر” ایوارڈ کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
دوسرے نمبر پر موجود جنوبی کوریا کے سون ہیونگ من کو ایل اے ایف سی سے سالانہ 11.1 ملین ڈالر کا معاوضہ ملتا ہے۔ ٹوٹنہم ہاٹسپر کے سابق کپتان سون رواں سال اگست میں ایم ایل ایس کی تاریخ کے سب سے مہنگے ٹرانسفر (26 ملین ڈالر) کے تحت امریکہ پہنچے تھے۔ انہوں نے اب تک 10 میچوں میں 9 گول کر کے اپنی ٹیم کو پلے آف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
تیسرے نمبر پر انٹر میامی کے ہسپانوی مڈفیلڈر سرجیو بوسکیٹس (8.7 ملین ڈالر) ہیں، جو اس سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ لیں گے۔
اسی طرح پیراگوئے کے میگل المیرون (7.8 ملین ڈالر) چوتھے اور میکسیکو کے ہروِنگ “چکی” لوزانو (7.6 ملین ڈالر) پانچویں نمبر پر ہیں۔ دونوں نے اس سیزن میں بالترتیب اٹلانٹا یونائیٹڈ اور سان ڈیاگو ایف سی کے ساتھ معاہدے کیے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد